امریکی سفارتخانہ کی جانب سے ۵۹ کامیاب پاکستانی تاجروں کو خراج تحسین

اسلام آباد ( ۹ نومبر ۲۰۲۱ء)۔۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے چیلنج فنڈ گرانٹ کے ۵۹  کامیاب پاکستانی تاجروں کو ہفتہ برائے  گلو بل انٹرپرینیوئرشپ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔  اس گرانٹ کے حصول کے بعد مجموعی طور پر یہ تاجر ساڑھے تین ہزار سے زائد کُل وقتی ملازمتوں کے مواقع فراہم کرسکیں گے،  دو کروڑ دس لاکھ ڈالر کی آمدنی  اور نجی شعبہ سے ۴۸ لاکھ  ڈالر مالیت  کی سرمایہ کاری  بھی حاصل  کر سکیں گے۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے  امریکی ادارہ برائے بین الاقو امی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیر اہتمام  منعقد ہونے والی ایک  ورچوئل تقریب کے دوران  ان شرکاء کی  کاوشوں کا اعتراف کیا جنہوں نے چیلنج فنڈ گرانٹس کے حصول کے ذریعہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانہ درجہ  کے تجارتی سلسلوں (ایس ایم ایز) کو در پیش مشکلات  کے حل کی خاطر  جدید، پائیدار اور قابل   وسعت  کاروباری سہولیات متعارف کروائی ہیں۔

واضح   رہے کہ یو ایس ایڈ کی جانب سے  گزشتہ چار سال کے دوران فراہم کی جانے والی اعانت اور حمایت نے اپنا کاروبار کرنے والے افراد کے لیے  تجارتی ماحول میں در پیش مشکلات  کے حل کی تلاش،  نجی شعبہ کی معاونت کے حُصول اور کاروبار کی مضبوطی کے مواقع فراہم کیے  ۔یہاں    یہ امر قابل ذکر ہے کہ  انفرادی تجارتی سلسلے اور  اختراع  پسندی   معیشت میں  روز گار کے مواقع پیدا کرنے، پیداوار میں اضافہ ، تجارت کو بڑھاوادینے کے ساتھ ساتھ قومی  اقتصادی سرگرمیوں  میں تحریک کا باعث بھی بنتے ہیں۔

تقریب کے دوران  شریک تاجروں نے  پاکستان میں  کاروبار کے کامیاب سلسلوں کے  قیام اور اُن کی  ترقی کے لیے دستیاب امکانات اور ساتھ ساتھ  تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل  مشکلات  جیسے معاملات پر    تبادلہ خیال کیا۔ یو ایس ایڈ کی  اعانت سے تجارتی منصوبہ پر عمل درآمد کرنے والے ایک شریک اور مقامی   ڈلیوری سروس کے بانی  عبید اللہ نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ   یو ایس ایڈ کی معاونت سے   تشکیل کردہ فنی سہولیات کی بدولت ہی وہ ماضی میں ناقابل پہنچ آباد یوں تک اپنی تجارتی  خدمات کی فراہمی کے قابل بنے ۔انہوں نے  خواتین کی سربراہی میں  قائم  ایک سو تجارتی سلسلوں کو مدد مہیا کی  جبکہ  ملازمتوں کے ۷۸  مواقع  بھی پیدا کیے اور پانچ  سو ذیلی چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے تجارتی   سلسلوں کو  مرکزی دھارے میں شامل کیا۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے  معاونت کی فراہمی نے اُن کو  خیبرپختونخوا میں سب سے بڑی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں پہلی ڈلیوری آن ڈیمانڈ سروس بننے کے قابل بنایا۔

شرکاء  سےاپنے خطاب میں یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جُولی اے کونین نے خوشی کا اظہار کیا کہ یو ایس ایڈ  کی اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائیز ایکٹوٹی  کی جانب سے معاونت اور معاشی ترقی   کے پروگراموں نے کاروباری  تصورات کو منافع بخش عملی تعبیر وں  اور جدید سہولتوں میں تبدیل کردیا ہے۔ گلو بل انٹرپرینیوئرشپ کا ہفتہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ معاشی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف نوجوان اور جدت پسند  تاجروں کی  قابلیت کے استعمال سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے  یو ایس ایڈ پروگرام سے معاونت حاصل کرنے والے مزید نئے کاروباری سلسلوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یو ایس ایڈ پاکستان میں روز گار کے مواقع  پید ا کرنے ، ذاتی کاروبار کی حوصلہ افزائی اور معاشی مواقع میں اضافہ کی غرض سے  نجی شعبہ کی قیادت میں معاشی ترقی کی  معاونت کرتا ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو خوشحال مستقبل کے حصول میں  مدد کے دیرینہ عزم کے تحت  اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائیز ایکٹوٹی   نجی شعبہ کی سربراہی میں   فعال تجارتی سلسلوں کی مالیاتی اور عملی کارکردگی میں تقویت کے لیے مصروف عمل ہے۔ اس حوالہ سے  مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ کریں:

smea_info@pakistansmea.com.

####