اسلا م آباد (۲۷ ِاپریل، ۲۰۱۷ء) __ پاکستانی پولیس اور ایمرجنسی ریسپورنس کے اعلیٰ حکام نے آج اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران بم سے تحفظ کے جدید سوٹس، بم کو ناکارہ بنانے کی کٹس اور ہنگامی طبی امداد کی اشیاء امریکی سفارتخانہ سے وصول کیں۔ یہ سامان امریکی محکمہ خارجہ کے انسداد دہشت گردی امداد(اے ٹی اے) پروگرام کے تحت عطیہ کیا گیا ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں قانون نافذ کرنے والے افراد کو تربیت اورسازو سامان فراہم کیا جاتا ہے۔ اے ٹی اے نے قانون نافذ کرنے والے پاکستانی اداروں کے ساتھ ۲۰۰۳ء سے صوبائی اور وفاقی سطح پر اشتراک کارقائم کیا ہوا ہے اور پروگرام کے آغاز سے اب تک پاکستان کو تقریباً ۳۳ لاکھ ڈالر کا ساز و سامان عطیہ کیا ہے، جس کا مقصد دہشت گردی سے نمٹنے کی پاکستانی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔
سامان عطیہ کرنے کی تقریب کی صدارت آئی جی اسلام آباد پولیس خالد خٹک نے کی جبکہ امریکی سفارتخانہ کی نمائندگی ریجنل سیکیورٹی آفیسر اسٹیو جونز نے کی۔ تقریب کے دوران اسٹیو جونز نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سازوسامان بم ناکارہ بنانے والے اُن بہادر پاکستانی پولیس اہلکاروں کو محفوظ بنائے گا، جو عسکریت پسندوں کے حملوں سے پاکستان کو محفوظ بنانے کے لئے صفِ اول میں کھڑے ہیں۔
تقریب کے دوران جو سامان پولیس کے حوالے کیا گیا ان میں بم سے تحفظ کے تین سوٹس اور بم ڈسپوزل کٹس شامل ہیں، جنہیں بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کی پولیس استعمال کرے گی۔ ۲۰۰۳ء سے اب تک اے ٹی اے نے پاکستان کو چالیس سےزائد بم پروٹیکشن سوٹس عطیہ کئےہیں۔ اس کے علاوہ ریسکیو ۱۱۲۲ کو طبی سامان فراہم کیا گیا جس میں ’’جازآف لائف‘‘ اور قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں استعمال کے لئے فوری طبی امداد کی کٹس شامل ہیں۔
###