اسلا م آباد (۳۰ ِنومبر، ۲۰۱۷ء) __ امریکی سفارتخانہ کے اقتصادی قونصلر ولیم لیٹینن کی زیرِقیادت پاکستانی سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات کا ایک وفد ۴ سے ۸ دسمبر تک لاس ویگاس، نیواڈا میں بجلی کی پیداوار سے متعلق ایک بین الاقوامی تجارتی نمائش میں شریک ہوگا اوراس کے ساتھ ساتھ ڈینور، کولورا ڈومیں امریکی محکمہ توانائی کی نیشنل رینیوایبل انرجی لیبارٹری کابھی دورہ کرے گا۔ وفد امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور توانائی کے شعبے میں تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لے گا۔
بجلی کی پیداوار سے متعلق پاور۔جین انٹرنیشنل نام سے منعقد کی جانے والی یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی نمائش ہے اور اسے توانائی کے شعبے کے رجحانات، ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ امور کا احاطہ کرنے کے حوالے سے ایک صنعتی رہنما کی حیثیت حاصل ہے۔ نمائش میں ۱۴ سو سے زیادہ کمپنیاں لگ بھگ بیس ہزار شرکاء کے سامنے اپنی مصنوعات اور مسائل کا حل پیش کریں گے۔امریکہ میں پاکستانی حکام کو عظیم الشان ہوور ڈیم کا تکنیکی دورہ کرنے کا موقع میسر آئے گا۔ نمائش کے بعد وفد امریکہ میں قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی اور بہترین طریقوں سے متعلق آگہی کے لئے ڈینور میں نیشنل رینیوایبل انرجی لیبارٹری کا دورہ بھی کرے گا۔
کراچی میں امریکی قونصل خانہ کے کمرشل قونصلر اسٹیفن نوڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی منڈی ایک سرگرم حکومت کی رہنمائی میں معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے سفر پر گامزن ہونے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری ماحول بتدریج بہتر ہورہا ہے اور یہ کاروباری مواقع کی متلاشی تعلیم یافتہ افرادی قوت سے لیس ہے۔ وفد کو اس دورے کے دوران بجلی کے شعبے میں جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگہی کا موقع میسر آئے گا ،جس سے پاکستان میں توانائی کے شعبے پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی یو ایس کمرشل سروس (یو ایس سی ایس) امریکی محکمہ تجارت کے بین الاقوامی خریدار پروگرام (آئی بی پی) کے تحت ہر سال پاکستانی کے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی دو سو سے زائد شخصیات کی امریکی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے لیے معاونت کرتی ہے۔ تجارتی نمائش کے بارے میں معلومات درج ذیل لنک پر ملاحظہ کی جاسکتی ہیں: