اسلام آباد (۲۲ نومبر ۲۰۲۱ء )۔۔ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانہ کے علاقائی دفتر برائے انگریزی زبان ( آر اِی ایل او) نے ہفتہ برائے فروغِ تعلیم کی تقریبات کے دوران اعلان کیا ہے کہ انگلش ایکسیس مائکرو اسکالرشپ پروگرام اور انگلش فار ورک فورس ڈویلپمنٹ پروگرام اِن پاکستان کے طالبعلموں کے لیے تربیتی جماعتوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انگلش ایکسیس مائکرو اسکالرشپ پروگرام (ایکسیس) ۱۳ سے ۲۰ کی عمر کے ذہین مگر معاشی طور پر پسماندہ طالبعلموں کو انگریزی زبان کی مبادیات میں مہارت فراہم کرتا ہے۔ ایکسیس پروگرام شرکاء کو پیشہ ورانہ زندگی اور تعلیمی میدان میں کامیابی کیلئےدرکار انگریزی زبان میں روانی حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ اس سے اُن کی مسابقتی استعداد کار میں بہتری آتی ہے اور وہ اکثر مستقبل میں امریکہ میں منعقد ہونے والے تبادلہ اور تعلیمی پروگراموں میں بھی شریک ہوتے ہیں ۔ ۲۰۱۵ ء میں پاکستان میں ایکسیس پروگرام کے افتتاح سے لیکر اب تک مُلک بھر کے سولہ شہروں میں بائیس ہزار طالبعلم اِس سے مستفید ہو چکے ہیں ۔جبکہ بین الاقو امی سطح پر ۲۰۰۴ء میں یہ پروگرام ہونے کے بعد سے اب تک ۸۵ مُمالک کے لگ بھگ دو لاکھ طالبعلم اس میں شرکت کر چکے ہیں۔
امریکہ کا سفارتخانہ اور قونصل خانے پاکستان بھر میں موجود تیرہ معاون اداروں کے توسط سے تیرہ مختلف شہروں میں ۲۷۰۰ سے زیادہ طالبعلموں کے لیے ایکسیس پروگرام کے تحت تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ کو رونا وبا کے دوران پیش آنیوالی مُشکلات سے نمٹنے کے لیے اس پروگرام کے تحت آن لائن ذرائع پر دستیاب تعلیمی مواقع سے مستفید ہونے کیلئے طالبعلموں کو ٹیبلٹ فراہم کیے ہیں ، جس کے نتیجے میں اُن کی تکنیکی مہارتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ دو سال دورانیے کے اس پروگرام کا آغاز نومبر میں شروع ہو رہا ہے۔
انگلش فار ورک فورس ڈویلپمنٹ اِن پاکستان ( جو کہ انگلش ورکس کے نام سے مشہور ہے) کے تحت ۱۷ سے ۲۵ سال کی عمر کے بیروزگار یا پھر چھوٹے درجہ کی ملازمت کرنے والے نوجوانوں کو انگریزی بول چال کی صلاحیت کو بہتر بنانے، ذاتی کاروبار اور تکنیکی مہارتوں کے حُصول میں معاونت کی جاتی ہے۔ انگلش ورکس پروگرام ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان کے عوام کے آپس میں تعلقات کو مضبوط کرتا ہے، جبکہ پاکستانی کارکنوں کیلئے ملازمت کے امکانات میں اضافہ کرنے کے علاوہ ایک تعلیم یافتہ اور با صلاحیت افرادی قوت تخلیق کرتا ہے۔
انگلش ورکس کی تربیتی کلاسز کی ایک درجن مختلف شہروں میں منعقد ہوتی ہیں اور ملک بھر میں بارہ سو سے زیادہ طالبعلموں کو اس تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ پروگرام میں شریک اساتذہ اور طالبعلموں کو ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تعلیم و تدریس کا عمل مزید مؤثر بنانے اور طالبعلموں کی تکنیکی صلاحیتوں کو فراغ دینے کے لیے ٹیبلٹ بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ ششماہی پروگرام کا آغاز اگست سے ہو چکا ہے۔
یہ اہم پروگرام محض طالبعلموں کو ہی نہیں بلکہ اساتذہ کو بھی اعانت فراہم کرتے ہیں اور پورے پاکستان میں انگریزی زبان کی تدریس میں مصروف عمل اساتذہ کی استعداد کارکو فروغ دیتے ہیں۔ چونکہ کسی بھی تعلیمی منصوبے کی کامیابی میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے اس لئے اُن کی پیشہ ورانہ تربیت کو ان پروگراموں میں خاص طور پر اہمیت دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ با اختیار تعلیمی ماہرین پر مشتمل افرادی قوت وجود میں آئے گی۔
###