امریکی سفارتخانہ کے انگریزی زبان کے ای ٹیچر پروگرام کے تحت طریقہ تدریس میں تبدیلیاں

اسلا م آباد  (۱۵ مئی،  ۲۰۱۸ء) __   انگریزی زبان کے پچاس پاکستانی اساتذہ  نےجنہوں نے امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے دس ہفتے کا ای ٹیچر اسکالرشپ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا،  اسلام آباد میں چار روزہ کانفرنس کے دوران اپنے تجربات پیش کئے۔ شرکاء نے تنقیدی فکر، تشخیص، ٹیسول طریقہ کار، ایجوکیشن ٹیکنالوجی، پڑھنے کی تدریس اور یگر موضوعات پر مبنی کورسز مکمل کئے۔

امریکی سفارتخانہ کی ریجنل انگلش لینگویج آفیسر ماریا  اسنارسکی نے کانفرنس کے دوران پاکستانی اساتذہ سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ اپنے علم اور تجربات کاتبادلہ کریں اور اپنی جماعتوں میں بہتری کی غرض سے نئے تصورات وضع کرنے کے لئے یومیہ بنیاد پر تعلیمی طریقوں کا جائزہ لیں۔

ماریا اسنارسکی نے کہا کہ ای ٹیچر پروگرام اور یہ ایلومنائی کانفرنس نہ صرف اساتذہ کو خود اپنے طریقہ کار اور مہارت وضع کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ان سے اساتذہ کو اس بات کی ترغیب ملتی ہے کہ وہ نوجوانوں کو پاکستان کے مستقبل کے لئے تیار کرنے کے لئے تعلیمی طریقوں کے بارے میں تنقیدی فکر کو اجاگر کریں۔

ای ٹیچر اسکالرشپ پروگرام میں شرکت کرنے والی رابعہ جن کا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے، کا کہنا ہے کہ تنقیدی فکر سے متعلق کورس سے انہیں اپنی کلاس روم میں تعلیم دینے کے طریقہ کار کو سست رفتار سے فعال سوچ و فکر میں تبدیل کرنے میں بہت مدد ملی ہے۔

امریکی سفارتخانہ پاکستان میں اساتذہ اور طلبہ دونوں کے لئے انگریزی زبان کے پروگراموں کے لئے تعاون فراہم کرتا ہے۔ ہر سال یہ پروگرام براہ راست تدریس  کے ذریعے تین ہزار طلبہ کو تعلیم فراہم کرتے ہیں تاکہ ملازمت کے حصول کی صلاحیت اور قائدانہ صلاحیتوں کے حصول کے لئے ان کی مدد کی جاسکے۔ اس کے علاوہ انگریزی زبان کے پروگرام بالمشافہ تربیتوں اور آن لائن کورسز کے ذریعے سالانہ تقریباً تین سو اساتذہ کو معاونت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان میں انگلش پروگرام سے مستفید ہونے والے ایلومنائی کی تعداد پندرہ ہزار سے زائد ہے۔ ان پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لئے فیس بک پر ریلو پاکستان اور درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

https://pk.usembassy.gov/