اسلا م آباد (۱۱ ِدسمبر، ۲۰۱۷ء) __ امریکی سفارتخانہ کے بین الاقوامی شعبہ انسداد ِمنشیات و نفاذِ قانون نے روا ں سال جون سے ستمبر کے دوران پاکستان کے مختلف پولیس محکموں کو ۲۳ ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کے جدید ترین اور کم وزن کاحامل حفاظتی سازوساما ن فراہم کیا ہے ،جس میں ساڑھے ۳۰ہزار بلٹ پروف جیکٹس اور ستائیس ہزار سے زیادہ مضبوط ہیلمٹس شامل ہیں۔اِس حفاظتی سامان سے پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی اور جرائم کی بیخ کنی کے دوران اپنی حفاظت میں مددملے گی۔ ان پولیس محکموں میں چاروں صوبوں کی پولیس، فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا، فرنٹیئر کانسٹیبلری، فاٹا لیویز، نیشنل ہائی وے و موٹروے پولیس اور نیشنل پولیس اکیڈمی شامل ہیں۔ اس حفاظتی سازوسامان کے ساتھ ہی ۲۰۰۹ء سے اب تک فراہم کی جانے والی بلٹ پروف جیکٹس کی تعداد تریپن ہزار اور ہیلمٹس کی تعداد سنتالیس ہزار ہوگئی ہے۔
شعبہ انسداد ِمنشیات ونفاذِقانون کے ڈائریکٹر گریگوری شیفر نے کہا ہے کہ پاکستانی پولیس ہرروز اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران اور لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے قربانیاں پیش کرتی ہے۔ امریکہ اور پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پولیس پر انحصار کرتے ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں اور پاکستان میں استحکام اور عدل وانصاف کے نصب العین میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتربنانے اور اُن کی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہیں ،جو اسلحہ سے لیس گروہوں بشمول دہشت گردوں ، عسکریت پسندوں اور منشیات کے اسمگلروں سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔ پولیس اہلکار ملک بھر میں اکثر اوقات مجرموں اوردہشست گرد گروہوں کا بھی نشانہ بنتے ہیں۔نیشنل پولیس بیورو کے مطابق پاکستان میں گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران چھ ہزار سے زیادہ پولیس جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔
بین الاقوامی شعبہ انسدادِ منشیات و نفاذ ِقانون جرائم وبدعنوانی کے سدباب، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام ، پولیس کے اداروں کی بہتری اور منصفانہ اور قابل ِاحتساب عدالتی نظام کے فروغ میں اعانت کے لیے ۹۰سے زیادہ ملکوں میں مصروف ِعمل ہے ۔ بین الاقوامی شعبہ انسداد ِمنشیات و نفاذِ قانون کے بارے میں مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کیجئے:
###