امریکی سفارتخانہ کے زیر اہتمام انگریزی زبان کے۵۰۰ سے زیادہ پیشہ ور ماہرین کی سہ روزہ تربیتی کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد (یکم اگست ۲۰۲۲ء)- امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے قائم مقام کنٹری پبلک آفیئرز افسر ایرن ٹریور نےسہ روزہ اوپن ایلومنائی کانفرنس کی اختتامی تقریب کی صدارت کی، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں  سے تعلق رکھنے والے انگریزی زبان کے ۵۰۰ سے زیادہ پیشہ ور افرادشریک ہوئے۔کانفرنس   کا عنوان   جماعت میں انگریزی زبان کی تدریس  اور تعلیم کے دوران بین الثقافتی  مسابقت  کا فروغ تھا۔ کانفرنس کے ساٹھ ایلومنائی اسلام آباد میں شخصی طور موجود تھے جبکہ باقی افراد آن لائن شامل ہوئے۔

کانفرنس کے دوران امریکی ماہر برائے انگریزی زبان ڈاکٹر لین زمرمین  اور پاکستانی تدریسی ماہرین کی سربراہی میں  تبادلہ خیال کی  ۲۵ نشستیں  منعقد ہوئیں، جن کے دوران شرکاء کو  انگریزی زبان پڑھانے کے پس منظر میں بین الثقافتی معلومات،  طرز  عمل ، مہارتوں اور آگہی  سے متعلق تکنیکی صلاحیتوں سے روشناس کرایا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایرن ٹریور نے پاکستان میں انگریزی زبان کے اساتذہ کے شاندار کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ  اُن کے پیشہ ورانہ شوق اور استعداد کار سے متاثر ہو کر امریکہ نے پاکستان میں  انگریزی زبان کی تربیت سے متعلق پروگراموں کے لیے دو کروڑ چالیس لاکھ ڈالر فراہم کیے  ہیں۔

ایرن ٹریورنے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ  یہ تقریب امریکہ اور پاکستان کے درمیان  سفارتی تعلقات بلکہ دوستی کے قیام کی پچہترویں سالگرہ منانے کے سلسلہ کا ایک اور موقع ہے اور ہم  کلیدی اہمیت کے حامل متعدد منصوبوں میں قریبی تعاون میں مصروف ہیں۔ پاکستان کی جانب سے طے کردہ خوشحال اور صحتمند  قوم کے اہداف کی امریکہ مختلف طریقوں سے حمایت کر رہا ہے،جن میں  تجارت اور سرمایہ کاری کا  فروغ،کاروباری سرگرمیوں میں معاونت اورچھ   کروڑ کورونا ٹیکوں کی فراہمی سمیت صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں دیرینہ اشتراک  شامل ہے۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ آپ اور آپ کے طالبعلم امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے نئے باب کا شاندار حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ  دی آن لائن پروفیشنل انگلش نیٹ ورک ( اوپن) پروگرام  دنیا بھر  میں انگریزی زبان  کی تدریس سے منسلک غیر ملکی اساتذہ، پیشہ ور ماہرین اور  زبان سیکھنے والوں کو حُصولِ تعلیم کے ورچوئل مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ   نیٹ ورک باہمی ثقافتی تبادلوں کو فروغ  دیتا ہے اور انگریزی زبان سیکھنے کے لیے ایسے تدریسی اور تعلیمی وسائل تک مفت رسائی فراہم کرتا ہے جو دوبارہ استعمال ، اختیار اور باہمی طور تقسیم کیے جا سکتے ہیں۔ اوپن کے تربیتی پروگراموں کی ترتیب   کا کام امریکی تعلیمی ادارے اورغیر مُلکی زبانیں  بولنے والوں کو انگریزی زبان سکھانے کے ماہرین سرانجام دیتے ہیں۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل  صفحات ملاحظہ کریں

www.openenglishprograms.org https://www.facebook.com/RELOPakistan

###