اسلام آباد (۱۰ ِاگست ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج معذورافراد کے لیے منعقدہ ٹیک کیمپ میں شرکت کی ، جس میں یہ خصوصی افراد اپنی روزمرہ زندگی میں ٹیکنالوجی کےاستعمال کے متعلق سیکھ رہے ہیں ۔ امریکی سفارتخانے اور اسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (اسٹیپ) کے اشتراک سے منعقدہ اس دو روزہ کیمپ میں ذرائع آمدن اور آگاہی میں اضافے کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال، وڈیو فلمسازی اور تدوین ، اور معذور افراد کے لیے تیار کی گئی موبائل ایپس کے استعمال پر مختلف نشستیں منعقد کی گئیں۔
سفیر ڈیوڈ ہیل نے شرکا ء کو نئی مہارتوں کواپنی زندگیوں کو اجا گر کرنے اور معذوری کے شکار افراد کے حقوق اور آگاہی کے لیے استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔
امریکی سفیر نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ شرکا ء کیمپ کے دوران حاصل کی گئی نئی ٹیکنالوجی اور وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی معذور افراد کےلیے اطلاعات، روزگار اور شہری زندگی میں شرکت کے زیادہ مواقع کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
امریکی سفارتخانہ رواں ہفتے منعقدہ اس ٹیک کیمپ کے علاوہ پاکستان میں معذوری کے شکار افراد کے لیے متعد د دیگر سرگرمیوں میں بھی معاونت کرتا ہے ۔ امریکی سفارتخانے نے موبیلیٹی انٹر نیشنل یو ایس اے اور اسٹیپ کے اشتراک سے امریکہ میں معذور افراد سے متعلق قانون اوردوسروں کے سہارے کے بغیر آزادانہ زندگی سے متعلق آگاہی کے لیےتبادلے کے پروگرام کے دو گروپس کو امریکہ بھیجا ہے۔
ٹیک کیمپ کے دوران اسٹیپ کی ڈائر یکٹر پراجیکٹس عابیہ اکرم نے ٹیک کیمپ کے انعقاد اور پاکستان میں معذوری کےشکار افراد کی فلاح کے لیے اعانت پر امریکی سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا ۔
عابیہ اکرم نے کہا کہ اسٹیپ پاکستا ن میں معذوری کے شکار افرا د کے لیے پائیدار تعاون پر امریکی سفا رتخانے کا مشکورہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کے ذریعے ہم معذوری کے شکار افراد کو اُن وسائل سے روشناس کروا رہے ہیں جن سے وہ اپنی زندگیوں میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ معذوری کے شکار افراد کی پاکستانی معاشرے کے لیے خدمات سے آگاہی بھی فراہم کر سکتے ہیں ۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے دیگر پروگراموں کے متعلق جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں۔