امریکی سفارتخانے کے تعاون سے پاکستانی وفد کی بین الاقوامی فرانچائز نمائش میں شرکت

 

"پاکستان کی معاشی ترقی  امریکی مصنوعات کے لیے ایک مضبوط منڈی فراہم کر رہی ہے” سٹیو نوڈ ، امریکی تجارتی قونصلر

اسلام آباد (۱۵  ِجون ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی کمرشل سروس  کے تعاون سے رواں ہفتے کراچی ، اسلام آباد اور میر پور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمپنیوں کا  ایک وفد  نیو یارک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی فرانچائز  نمائش ۲۰۱۷ ء میں شرکت کرے گا۔ ۱۵سے ۱۷ ِجون تک منعقد ہونیوالی یہ  نمائش امریکہ میں سب سے بڑی فرانچائز  نمائش ہے۔ اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی امریکہ کی چار سو سے زائد فرانچائز اپنی جدید ترین مصنوعات اور خدمات نمائش کے لیے پیش کریں گی۔

نمائش کے موقع پر پاکستانی کمپنیوں کو  امریکی فرانچائزز کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے مواقع میسر آئیں گے جس سے پاکستا ن کی تیزی سے بڑھتی صارفین کی منڈی میں اعلیٰ معیار کے حامل نئی مصنوعات متعارف ہو ں گی۔ امریکی تجارتی سروس  پاکستانی کمپنیوں کو تجارتی شراکت داری اور مشاورت میں تعاون فراہم کرے گی۔

نمائش میں پاکستانی شرکت کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے امریکی تجارتی قونصلر سٹیو نوڈ نے کہا کہ بہت سی امریکی فرانچائزز پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں اور میرا خیال ہے کہ ابھی اس میں بھرپور  طلب ہے۔ بین الاقوامی فرانچائز  نمائش میں بہترین امریکی فرانچائزز کو پاکستانی کمپنیوں سے متعارف کروانے پر ہمیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن یہ کمپنیاں امریکہ کی بہترین مصنوعات اور خدمات کو پاکستانی صارفین تک پہنچائیں گی۔

امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ۲۰۱۶ ء  میں امریکی کمرشل سروس کے تعاون سے دو سو سے زائد پاکستانی تاجروں نےپولٹری، ویسٹ منیجمنٹ، انفارمیش ٹیکنالوجی اور شمسی توانائی سمیت مختلف اہم امریکی تجارتی شوز  میں شرکت کی  ۔ امریکی کمرشل سروس امریکی محکمہ کامرس کے انٹرنیشنل ٹریڈ ایڈمنسٹریشن  میں تجارتی فروغ کا شعبہ ہے۔  امریکی کمرشل سروس کے ماہرین سو سے زائد امریکی شہروں اور ۷۵سے زائد ممالک میں  امریکی کمپنیوں کے لیے نئی تجارتی منڈیوں اور برآمدات میں اضافے کے لیے  کام کرتے ہیں۔

###