اسلام آباد (۲۰اَگست ۲۰۲۲ء)۔ پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نےامریکی حکومت کی اعانت سے تعلیمی اور تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے والے سابق طالبعلموں کی ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر امریکہ اور پاکستان کے درمیان پچہتر برسوں پر مُحیط باہمی تعلقات کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اسلام آباد میں۲۰ اگست کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں تقریبا ً۷۰۰ سابق طالبعلم شریک ہوئے اور ایک دوسرے کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا جبکہ انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی مضبوطی میں کردار ادا کرنے کا اپنا عزم بھی دہرایا۔
پاکستان امریکہ ایلومنائی نیٹ ورک ( پی یو اے این) کے ۲۰۰۸ء میں قیام سے لیکر اب تک اس انجمن کی جانب سے معاشرہ کی ترقی میں ادا کیے گئے کردار کی کا اعتراف کرتے ہوئے سفیر بلَوم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پچہتر برسوں پر محیط تعلقات ہمارے عوام کے آپس میں لازوا ل باہمی رابطوں کا مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارامسقتبل صرف ہمارے رہنماؤں پر نہیں بلکہ ہمارے لوگوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے ۳۷ ہزار ممبران پر مشتمل پاک امریکہ ایلومنائی ایسوسی ایشن کو عوام کے درمیان باہمی تعلقات کی طاقت کی ایک شاندا ر مثال قرار دیا۔
اپنی تقریر میں سفیر بلَوم نے دونوں مُلکوں کے درمیان مضبوط شراکت کو اجاگر کیا اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کیے جانے والے ۷ کروڑ ۷۰ لاکھ کورونا ٹیکوں کی فراہمی کے عزم، تاریخی تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات جس کی بدولت امریکہ پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے ،کا ذکر بھی کیا۔
کورونا وبا کے کے بعد منعقد ہونے والی پہلی بالمشافہ ری یونین میں اسلام آباد-راولپنڈی ایلومنائی ایسو سی ایشن میں شامل سیاستدان، دانشور، صحافی، کاروباری، ثقافتی شخصیات اور طالبعلم شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر جاب فیئر بھی منعقد کیا گیا جس میں بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں نے شرکت کی اور انہوں نے موقع پر ہی ملازمت کے لیے بھرتی کی پیشکش بھی کی۔ پی یو اے این ایلومینائی نے گزشتہ سال کے دوران اسلام آباد میں درجنوں سرگرمیوں کا انعقاد کیا جس کی وجہ سے تعلیم، لیڈرشپ ڈیولپمنٹ اور خواتین کو با اختیار بنانے کے شعبوں میں ان کی متعلقہ برادریوں میں بہتری رُونما ہوئی۔
پی یو اے این کے صدر سید خرم گیلانی اور اسلام آباد-راولپنڈی کے صدر شاہد کاظمی نے حاضرین کو ایلومنائی نیٹ ورک کی فلاحی سرگرمیوں میں رضاکارانہ کردار اور امریکہ میں حاصل کی گئی تعلیم سے دوسروں کو مستفید کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر معاشرہ میں خدمات سرانجام دینے پر نمایاں ایلومنائی ارکان اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
واضح رہے کہ اپنی نوعیت کے وسیع ترین پیشہ ورانہ اور تعلیمی تبادلہ پروگرام کی مالی اعانت کرتے ہوئے امریکی حکومت ہر سال تقریباً آٹھ سو پاکستانیوں کو امریکہ بھیجتی ہے اور گزشتہ ۷۵ سالوں کے دوران امریکہ نے ۱۴ ہزار پاکستانیوں کو امریکہ میں حُصول تعلیم کے لیے وظائف دیے ہیں جبکہ ۲۲ ہزار نوجوان پاکستانیوں نے انگریزی زبان کی تربیت کے پروگراموں میں شرکت کی ۔ پاکستان امریکہ ایلومنائی ایسو سی ایشن اپنے ۱۴ علاقائی انجمنوں کے توسط سے معاشرتی خدمات کی سرگرمیوں،رہنمائی کی تربیت، گول میز مباحثوں اور تجارتی پروگراموں سمیت مختلف تقریبات منعقد کرتی ہے۔ اس ضمن میں مزید معلوما ت کے لیے مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں Pakistan-U.S. Alumni Network | Strengthening people-to-people ties between U.S. and Pakistan (pakusalumninetwork.org)
###