امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی جانب سے خواتین تاجروں کے لئے اسلام آباد میں ‘‘وی کریئیٹ سینٹر’’ کا افتتاح

۱۳ فروری ، ۲۰۱۵ء

اسلام آباد (۱۳فروری، ۲۰۱۵ء)__ پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن، امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی نمائندہ برائے تجارتی و کاروباری امور اسکاٹ نیتھن اور پاکستان کی وزارت تجارت کی ایڈیشنل سیکریٹری روبینہ اطہر نے پاکستان میں کاروباری ترقی کے ذریعے صنفی مساوات کے لئے پیش رفت کے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئےآج اسلام آباد میں خواتین تاجروں کے لئے وسائل، تعلیم، رسائی اوراقتصادی طورپر بااختیارہونے کے بارے میں تربیت کی فراہمی کے ایک مرکز کا افتتاح کیا، جس کا نام ‘‘ویمنز انٹرپرینیوریئل سینٹر آف ریسورسز، ایجوکیشن، ایکسس اینڈ ٹریننگ فار اکنامک امپاورمنٹ (وی کریئیٹ)’’ ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا دنیا میں پہلا مرکز ہے، جو کاروبار کے شعبے میں صنفی مساوات کے لئے پیش قدمی کرے گا اور پاکستان میں خواتین تاجروں کو تربیت، معاونت اور رہنمائی فراہم کرے گا۔

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نےمرکز کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز خواتین تاجروں کے لئے غیر معمولی استعداد کا حامل ہے، یہ مرکز خواتین کو پاکستان میں درپیش مشکلات پر قابو پانے میں مدد کرے گا اور خواتین کے لئے کاروبار شروع کرنے اور اسے ترقی دینے کے مواقع میں اضافہ کرنے کے لئے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر معیشت میں خواتین کے فعال کردار کو بڑھانے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کو زیادہ سے زیادہ وسعت دے گا اور معاشی ترقی اور جدت طرازی کو فروغ دینے کے لئے مقامی آبادی کی سطح پر وضع کردہ پروگرام نافذ کرے گا۔ یہ مرکز رہنمائی، تربیتی جماعتیں، وسائل اور پورے ملک اور دنیا بھر میں دیگر خواتین تاجروں کے ایک وسیع نیٹ ورک تک رسائی فراہم کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وی کریئیٹ کی مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکشنز منیجر ماوراباری نے کہا کہ اس مرکز کے افتتاح سے نہ صرف نئی خواتین تاجروں کو تعاون میسر آئے گا بلکہ اس سے متنوع خیالات اور مواقع کو فروغ دینے کا بھی موقع فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملے گا۔

خواتین تاجروں کے لئے وسائل، تعلیم، رسائی اور تربیت کی فراہمی کے اس مرکز کے لئے امریکہ پاکستان ویمنز کونسل کی معاونت اور اسٹارٹ اپ کپ، ٹائی اسلام آباد، چینج میکینکس اور ہاشو فائونڈیشن کی شراکت کے ساتھ امریکی محکمہ خارجہ کامالی تعاون حاصل ہے۔ امریکہ پاکستان ویمنز کونسل، جس کا افتتاح ستمبر ۲۰۱۲ ء میں اس وقت کی امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کیا تھا، سرکاری اور نجی شعبے کی ایک شراکت ہے، جس کے تحت امریکی اور پاکستانی جامعات، کاروباری اداروں اور دیگر معاونین کے درمیان روابط قائم کرکے پاکستان میں خواتین کے لئے معاشی مواقع میں اضافہ کرنے کے اقدامات کے جاتے ہیں۔

اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ منفرد ‘‘وی کریئیٹ’’ مراکز اس وقت زیمبیاا، کینیا، کمبوڈیا اور ویتنام میں ترقی کے مرحلے میں ہیں جبکہ دیگر مراکز کا قیام مستقبل میں متوقع ہے۔ ‘‘وی کریئیٹ’’ پاکستان مرکزکے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ملاحظہ کیجیئے۔

www.facebook.com/pakistanwecreate

https://twitter.com/WECREATEPak