امریکی سفیر پال جونز کا پورٹ قاسم کے دورے پر امریکی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے پر زور

17 ستمبر 2019
رابطہ: جیسن گرین

فوری اجرا کیلئے

امریکی سفیر پال جونز کا پورٹ قاسم کے دورے پر امریکی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے پر زور

کراچی – امریکی سفیر پال جونز نے پورٹ قاسم کے دورے کے دوران امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت و معاشی سرگرمیاں مزید بڑھانے کیلئے موجود وسائل اور مشکلات کا جائزہ لیا۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین سید حسن ناصر شاہ نے پال جونز کوبندرگاہ کی موجودہ کاروباری سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا اور مستقبل میں اس بندرگاہ کو پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے طے کیے گئے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

اس موقعہ پر امریکی ریاست ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی ایکسلریٹ اینرجی کمپنی نے آگاہ کیا کہ انہوں نے پاکستان میں توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جدید ترین ٹیکنالجی پر مبنی بہت بڑا فلوٹنگ اسٹوریج ری گیسیفکیشن یونٹ (FSRU) متعارف کروایا ہے جوکہ گیس کے بیَس لوڈ کو مستحکم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ 2015 سے لیکر ایکسلریٹ اور اینگرو باہمی اشتراک سے دنیا کا سب سے مصروف ترین مذکورہ گیسیفکیشن یونٹ چلاکر ملک میں گیس کی 15 فی صد ضروریا ت کو پورا کررہی ہیں۔ اس وقت امریکی کمپنی ایگزان موبل، انرگیس کے ساتھ مل کر پورٹ قاسم کی جانب سے تیسرے ایل این جی ٹرمنل بنانے کیلئے جاری کردہ قواعد و ضوابط کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔

دوسری امریکی کمپنیوں بشمول کارگل اور پروکٹر اینڈ گیمبل نے پال جونز کو اپنے کام اور سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا۔ کارگل نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں 31 ارب روپےکی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ قبل ازیں اسی سال پروکٹر اینڈ گیمبل نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے تقریباً آٹھ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جس میں انہوں نے اپنے موجودہ ڈٹرجنٹ بنانے والے پلانٹ کے برابر میں ہی بالوں کی حفاظت کی مصنوعات بنانے کا پلانٹ لگایا ہے۔ دونوں کمپنیاں سرمایہ کاری کرکے پاکستان میں موجود اپنے کاروبار کو بڑھا کر صارفین کیلئے کھانے اور دوسری اشیا بنا رہی ہیں اور اس میں پورٹ قاسم دونوں کمپنیوں کی کامیابی میں ایک کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔