Flag

An official website of the United States government

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ کراچی سے تجارتی و اقتصادی تعلقات کا فروغ
کی طرف سے
2 منٹ پڑھیں
جنوری 24, 2024

کراچی  ۲۴ جنوری۲۰۲۴ –  پاکستان  میں متعین امریکی  سفیر ڈونلڈ بلو م نے جنوری ۲۱ سے جنوری ۲۳ تک اپنے کراچی کے دورے کے دوران بطور تجارتی اور اقتصادی شراکت  دار ،پاکستان  ،کیلئے  امریکہ کےمسلسل  عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی  و اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے ،  اسے مزید گہرا کرنے  اور پاکستانی کاروباری رہنماؤں کی نئی نسل کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پُرعزم ہیں۔

امریکن بزنس کونسل کے ساتھ ملاقات میں سفیر بلوم نے نجی شعبے کی زیر قیادت مساوی ومسلسل معاشی نمو اور ہمارے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی استعداد بڑھانے پر زور دیا۔  انھوں نے امریکی کمپنیوں کی کاروباری سماجی ذمہ داری کی تعریف کی اور  نجی کاروباری رہنماؤں سے بات چیت میں پاکستان میں کاروباری ماحول کےحوالے سے  آگاہی حاصل کی۔

سفیر نے امریکہ میں واقع عالمی رہنما کمیونٹی  کے سربراہوں  کی تنظیم “ینگ پریذیڈنٹس آرگنائزیشن “کے ممبران کے ایک  گروپ سے بھی ملاقات  کی۔ انھوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کیلئے میسر آنے والے موقع کو خوش آمدید کہا اور معاشی اصلاحات کے امکانات پر بات چیت کی۔

کاروبار کےفروغ   کیلئے  امریکی عزم  کو اجاگر کرنے کی غرض سے  سفیر نے  انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے سینٹر برائے اینٹرپرینیورشپ   ڈویلپمنٹ کا،  جو پاکستان میں کاروبار، جدت  طرازی اور معاشی ترقی کا محرک ہے، دورہ کیا تاکہ یونیورسٹی   کی قیادت، نو آموز رہنماؤں اور کاروباری افراد سے جان  سکیں کہ یہ سینٹر  کاروباری  ماحول  کو مہمیز دینے اور طالبعلموں کی سربراہی میں جاری پروگراموں کی اعانت کرتے  ہوئے  کس طرح ان کی توقعات پر پورا اتر رہا ہے۔

اس موقع پر سفیر نے کہا ، ” صدر  بائیڈن  کے الفاظ میں ،کسی  فرد کی جانب سے کاروبار شروع کرنا  امید  یں پیدا کرنے والا عمل ہے۔ ہم  آپ کو ترقی کرتے، پھلتے پھولتے اور اپنے خوابوں کوتعمیر کرتے دیکھنا چاہتے ہیں “۔ انھوں نے امریکی اعانت  سے جاری متعدد پروگراموں  کے ذریعے نئے کاروباری افراد کو مدد فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔

سفیر بلوم نے نیشنل  انکیوبیشن سینٹر، کراچی (این آئی سی-کے) کے دورے کے دوران  جدت کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع تخلیق کرنے اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں جدت  طرازوں، کاروباری افراد اور طالب علموں کیلئے امریکہ کی مضبوط اعانت کا پیغام دیا۔انھوں نے امریکہ کے ساتھ   این آئی سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے  قابل تجدید توانائی  کے ذرائع تک رسائی  کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی بحران سے نبرد آزما ہونے  کے حوالے سے ، جس میں جدت طراز اور کاروباری افراد کا خصوصی کردار ہے،  پاک-امریکہ شراکت کی اہمیت  کا ذکر کیا۔

سفیر بلوم  اپنے    دورے  میں سندھ کے نگران  وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر اور نگران  وزیر اعلی بلوچستان علی مردان خان ڈومکی  سے بھی ملے۔ ان ملاقاتوں  میں پاک-امریکہ تجارتی و معاشی شراکت داری اور ہمارے دونوں ملکوں  کی مشترکہ ترجیحات پر توجہ مرکوز رہی۔

امریکہ، پاکستان اور دنیا بھر میں معاشی ترقی کو مہمیز دینے،  بہتر معیار کی ملازمتیں تخلیق کرنے، امریکی کمپنیوں کیلئے نئی  منڈیاں کھولنے اور عالمی سطح پر معاشی تحفظ اور خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے۔

 ###