کراچی: امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور کاؤنٹرٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی ثناءاللہ عباسی کے ہمراہ سی ٹی ڈی کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، اس موقع پر امریکی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کے عزم کا اظہار کیا۔
11 نومبر 2010ء کو دہشت گردوں نے بارود سے بھری کار محکمہ انسداد دہشت گردی کی عمارت سے ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 400 زخمی ہوئے تھے۔ امریکا نے محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا اینفورسمنٹ افیئرز (INL) کے ذریعے عمارت کی تعمیر نو کے لیے 24 ملين روپے فراہم کیے ہیں تاکہ سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کا عملہ اسے دوبارہ استعمال کرسکے۔
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ ’’ آج کا دن اور اس عمارت کا افتتاح دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور امریکا کے غیرمتزلزل عزم کا اظہار ہے، ہمیں اس عمارت کی تعمیر نو میں تعاون پر فخر ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سے سندھ پولیس کو انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں مدد ملے گی۔‘‘
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے سندھ کو محفوظ بنانے، پولیس کی جدید خطوط پر تربیت اور پولیس کے شہریوں سے تعلقات بہتر بنانے پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا اینفورسمنٹ افیئرز 90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے، منشیات سے متعلقہ جرائم ختم کرنے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ ادارہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے۔ INL کے بارے میں مزید معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ http://www.state.gov/j/inl/
پاکستان میں امریکی حکومت کی معاونت سے چلنے والے پروگراموں کے متعلق مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے pk.usembassy.gov
رابطہ: شرلینا حسین مورگن
فون نمبر: 35275375-021
برائے فوری اجرا