امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کراچی میں 31 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کے گئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کا افتتاح کیا۔

 

کراچی: امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کراچی میں 31 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کے گئے اسٹیٹ آف دی آرٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کا افتتاح کیا، اس سینٹر پر3  ہزار افراد کو ملازمت کے مواقع ملیں گے جو پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر میں کمپنیوں کو بیک آفس اور کال سینٹر خدمات فراہم کریں گے۔ یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر امریکا اور پاکستان کے مشترکہ وینچر دی ریسورس گروپ (TRG) کے تحت قائم کیا گیا ہے، کال سینٹر میں یونیورسٹی کے گریجویٹ طلبہ کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ ’’ امریکا پاکستان کے بڑے تجارتی پارٹنروں میں سے ایک ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں کئی امریکی کمپنیاں کامیابی سے کام کررہی ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کا افتتاح پاکستان اور امریکا کے کامیاب تجارتی تعلقات کا عکاس ہے۔ پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا انفارمیشن سینٹر ٹی آر جی اور اس کی ذیلی کمپنی آئی بیکس گلوبل کی کاروباری صلاحیتوں میں وسعت کا سبب بنے گا۔‘‘

آئی بیکس گلوبل واشنگٹن ڈی سی میں قائم کی گئی کمپنی ٹی آر جی کی ذیلی کمپنی ہے جس کے ملازمین کی اوسط عمر 30 سال سے کچھ زائد ہے اور اس کے عملے میں 25 فیصد خواتین شامل ہیں۔ آئی بیکس سے اپنا کریئر شروع کرنے والے نوجوان یہاں حاصل کردہ تجربے کے ذریعے ٹی آر جی یا ٹیکنالوجی سیکٹر کی دوسری کمپنیوں میں ملازمت کے بہتر مواقع حاصل کرتے ہیں۔

پاکستان میں امریکی حکومت کی معاونت سے چلنے والے پروگراموں کے متعلق مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔  pk.usembassy.gov

رابطہ: شرلینا حسین مورگن

فون نمبر: 35275375-021

برائے فوری اجرا