امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی جانب سے نئے عصری فن پاروں کی نقاب کُشائی

          اسلا م آباد (۳۰ ستمبر ، ۲۰۱۶ء) __  پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے گذشتہ شب اپنی رہائش گاہ پر ایک استقبالیہ میں  دورِ حاضر کے نئے فن پاروں کی نقاب کشائی  کی۔ تقریباً ۸۰ فن کاروں، طلبہ، اساتذہ اور دیگر مہمانوں نے عمران قریشی، مراد ممتاز، جیویئر رومیرو، ٹام بیم برگر، صبا حسین، عدیلہ سلیمان اور ولیم او برائن سمیت مختلف فنکاروں کے فن پاروں کو دیکھا اور سراہا۔

          امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فن چیزوں کو ان کی ظاہری حالت میں دیکھنے کے بجائے لوگوں کو اپنے اردگرد کی دنیا کو دوبارہ دیکھنے  کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فن سرحدوں سے ماورا   اور لوگوں کو ملانے کا  ایک زریعہ ہے۔  یہ فن پارے امریکہ اور پاکستان کی بہترین تخلیق کو اجاگر کرتے ہیں ۔

         لاہور کے معروف فنکار عمران قریشی نے اپنے "مکسڈ میڈیا "میں تیار کئے گئے فن پارے کا خود تعارف کرایا جو امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی رہائش گاہ پر نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔

         عمران قریشی نے کہا کہ میرے لئے یہ پراجیکٹ انتہائی خوشی کا باعث تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عصری فن کی اس طرح کے اہم مقام پر نمائش سے یقینی طور پر دنیا بھر میں ہمارے ملک کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔

          فن بنیادی اقدار اور عقائد کی صورت گری  کرتا ہے۔ امریکی سفارتخانہ پاکستان میں فنون لطیفہ  کے پروگراموں کی مالی معاونت کے لئے ہر سال ۱۰ کروڑ روپے خرچ کرتا ہے، جس سے امریکی اور پاکستانی شہری ایک دوسرے کی فنی روایات سے متعارف ہوتے ہیں۔  امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی رہائش گاہ پر نمائش کے لئے پیش کئے گئے امریکی اور پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی تصاویر درج  .https://flic.kr/s/aHskEvYCyi ذیل لنک پر ملاحظہ کی جاسکتی ہیں