امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی پاکستانی فلبرائٹ اور ہمفرے پروگراموں کے شرکاء سے ملاقات

اسلام آباد (۲  ِدسمبر ، ۲۰۱۶ء)   __ فلبرائٹ اور ہیوبرٹ ہمفرے فیلوشپ پروگراموں کے  تقریباً اڑھائی سو پاکستانی ایلومینائی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد میں ایک کانفرنس میں شرکت کی ،جس کا مقصد اس بات کا جائزہ لینا تھا کہ وہ قانون اور صحت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی   میں  ملکی ترقی  میں کیسے کردار ادا کر سکتے ہیں۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل  نےکانفرنس کے شرکاء کو اُنکی کامیابیوں پر مبارکباد دی  اور اُن پر زور دیا  کہ وہ  امریکہ میں سیکھی گئی مہارتوں اور تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں اپنے  پیشہ ورانہ اہداف کے حصول کے لیے کام جاری رکھیں ۔امریکی سفیر نے ہائی ایجوکیشن کمیشن  اور اسکے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کا فلبرائٹ پروگرام کیلئے  اعانت پر شکریہ ادا کیا۔

ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی عوام امن واستحکام اور علاقائی و عالمی معاشی ترقی کے حوالے سے مشترکہ بنیادی خواہش رکھتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہم یہ نصب العین  تعلیم کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

پروڈیوسر، گیم ڈویلپر اور ہاروڈ یونیورسٹی کی کلاس ۲۰۱۳ کے فلبرائٹ سکالرحیدر شیش محل نے کہا کہ  فلبرائٹ پروگرام کا حصہ بننا ایسا ہی  ہےجیسے کسی   نمایاں لوگوں کے گروپ میں شامل ہونا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ  یہ پاکستان یو ایس ایلومنے نیٹ ورک (پان) اور یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن  ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کے ذریعے متعدد پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔ ان تقریبات میں  تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکاء اپنی مصروفیات کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلبرائٹ بے مثال خدمات انجام دے رہی ہے۔

فلبرائٹ پروگرام کے ذریعے پاکستانی طلبہ وطالبات امریکہ میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، ہمفرے پروگرام کے ذریعے  مڈ کیرئیر پیشہ ورماہرین  ایک سالہ نان ڈگری گریجویٹ سطح کی  تعلیم امریکہ میں حاصل کرتے ہیں۔ یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان (یو ایس ای ایف پی) پاکستان میں امریکی حکومت کی جانب سے اِن دونوں پروگراموں کو چلاتی ہے۔

یو ایس ایی ایف پی  کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اہلیت وقابلیت  پر مبنی  پاکستان فلبرائٹ پروگرام اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل تمام تعلیمی  شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادکو یکساں مواقع فراہم کرتا ہےکہ وہ دیرپا ترقی اور کامیابی کیلئے موزوں ڈگری پروگرام کے ذریعے  درکار مہارتیں اور علم حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسی لئے اس سال  کی کانفرنس کا موضوع "تبدیلی کے علمبردار” ہے۔ کانفرنس میں  تعلیمی پروگراموں کے شرکاء  نے مختلف شعبوں میں درپیش مسائل کے جدت پر مبنی حل  دوسروں تک پہنچانے کے حوالے سے اپنے عزم وارادے کا اظہار کیا۔یو ایس ای ایف پی کو ان ایلومینائی نیٹ ورک بنانے پر فخر ہے  جن کے پاس پاکستان کی ترقی  اور کامیابی کے حوالے سے لیڈر بننے کا عزم اور صلاحیتیں موجود ہیں۔

امریکی سفارتخانہ کی تعلیمی سرگرمیوں اور تبادلہ پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کیلئے ملاحظہ کریں:

http:/pk.usembassy.gov

یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان اور اسکے پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کیلئےدرج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں:

http://www.usefpakistan.org/