اسلام آباد (۲۲ ِمئی ، ۲۰۱۷ء)__ پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
امریکی سفیر نے عرب اسلامی و امریکی سربراہ کانفرنس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خطاب کے حوالےسے کہا کہ اُنہوں نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے امن وسلامتی ، خوشحالی اور اتفاق ویگانگت کا تصور پیش کیا۔سفیر ہیل نے اس سلسلہ میں پاکستان کے کردار کی توثیق کی اور اس مقصد کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔
سفیر ڈیوڈہیل نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا ۱۸ ِمئی کو کئے گئے اس عزم و ارادے پرشکریہ ادا کیا جو اُنہوں نے ایسے اقدامات کرنے کے بارے میں کیاجن سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ عسکریت پسند کسی بھی ملک پر حملہ کرنے کے لئے پاکستانی سرزمین استعمال نہ کرسکیں۔ اس سلسلہ کی ہی کڑی کے طورپر آرمی چیف جنرل باجوہ نے ملاقات میں اس یقین دہانی کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی کو اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف حملوں یا اُن کی منصوبہ بندی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔امریکی سفیر اور جنرل باجوہ نے محفوظ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے اپنے اپنے ملکوں کی وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔