اسلا م آباد (۳۱ مارچ، ۲۰۱۷ء) __ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج یہاں امریکی سفارتخانہ میں امریکہ۔پاکستان ویمنز کونسل اور وی کریئیٹ پاکستان کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ سپلائی چین ڈائیورسٹی ایکسپو میں ساٹھ سے زئد پاکستانی کاروباری خواتین ، کارپوریٹ منتظمین اور کاروباری صلاحیتیں بڑھانے کے لئے کام کرنے والے اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ امریکی سفیر نے اپنا کاروبار شروع کرنے والے افراد کو مبار کباد پیش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور عزم سے دوسروں کو بھی رہنمائی فراہم کریں۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے خواتین کی ملکیت میں چلنے والے کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات اور خدمات صنعتی قائدین کو مارکیٹ کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر وی کریئیٹ پاکستان اور یو ایس پی ڈبلیو سی کارپوریٹ ممبر کمپنیوں کو جن میں پروکٹر اینڈ گیمبل، ٹی آر جی، اینگرو، پیپسی کمپنی، جنرل الیکٹرک، سٹی بینک اور کوکا کولا کمپنی شامل ہیں سراہا۔
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ یو ایس۔پاکستان ویمنز بزنس کونسل تعاون کی ایک مثال ہے جس کے تحت خواتین کی صلاحیتوں کو یکجا، بین الاقوامی اقتصادی تعلقات کو استوار اور معاشی نمو و سماجی استحکام کو فروغ دیا جاتا ہے، جس سے پاکستان اورامریکہ دونوں مستفید ہوتے ہیں۔
پروکٹر اینڈ گیمبل اور پیپسی کمپنی نے انٹرپرینیورز کو اپنی خریداری کے طریقوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور دلچسپی رکھنے والے خواتین کو اپنی اپنی کمپنیوں میں پروکیورمنٹ ٹیموں کے ساتھ رابطے میں مدد کی پیشکش کی۔ اس سیشن کے دوران پروکٹر اینڈ گیمبل کے کمیونیکیشن منیجر کلاڈیا مینول نے کہا کہ جب پاکستانی خواتین کامیاب ہوتی ہیں تو ہم سب کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔ یو ایس پی ڈبلیو سی اپنے نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے اور اس سال کراچی میں سپلائی چین ڈائیورسٹی ایونٹ کی میزبانی کے لئے ٹی آر جی کے ساتھ کام کرتے ہوئے روابط کے لئے سہولتوں کی فراہمی جاری رکھے گی۔
ایکسپو میں شریک تاجر خواتین نے امریکی سفارتخانہ کے تعاون پر مبنی پاکستان ویمن انٹرپرینیور پروگرام کے تحت جس کا نظم و نسق امریکن یونیورسٹی کے ساتھ شراکت میں کیا گیا تھا وی کریئیٹ پاکستان اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمس) میں تربیت حاصل کی تھی۔ عالمی بینک کے ویمن انٹرپرینیورشپ تربیتی پروگرام جو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کرایا گیا تھا، کے شرکاء نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
یہ نمائش یو ایس پی ڈبلیو سی کے سپلائی چین ڈائیورسٹی پروگرام کے تحت طے کی گئی سرگرمیوں کے سلسلے کی دوسری سرگرمی ہے۔ یو ایس پی ڈبلیو سی کے سپلائی چین ڈائیورسٹی پروگرام کا مقصد خواتین کی ملکیت میں چلنے والے کاروبار کو انہیں کارپوریٹ سیکٹر کے پروکیورمنٹ نمائندوں کے ساتھ مربوط کرکے پائیدار مارکیٹوں تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے ۔ پہلی ایسی نمائش لاہور میں پیکچز لمیٹڈ میں اپریل ۲۰۱۶ء میں ہوئی تھی