امریکی سفیر کا پشاور میں لڑکیوں کی تعلیم کے منصوبہ کا افتتاح اور ایلی نور روز ویلٹ کارنر کا دورہ

پشاور( ۱۰ دسمبر ۲۰۲۲ء)- پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلَوم اورخیبرپختونخوا کے وزیر برائے بنیادی اور اعلیٰ تعلیم شہرام خان ترکئی نے صوبہ کے دور افتادہ علاقوں کی بچیوں کومعیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنے  کے لیے   امریکی حکومت کی جانب سے چالیس لاکھ ڈالر کی معاونت سے شروع کیے جانے والے  اِمپروونگ گرلز ایجوکیشن ایکٹوٹی  کا پشاور میں  افتتاح کیا ۔امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یوایس ایڈ) کے زیرانتظام  اس   چار سالہ  منصوبہ کے تحت   لڑکیوں کے سرکاری سکولوں میں   بہتر انتظام وانصرام  یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پراظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ   امریکی حکومت   پاکستانی شہریوں بالخصوص  لڑکیوں کے خوشحال مستقبل کی تمام تر کوششوں میں پاکستان کی حمایت کرتی ہےاور اِسی نصب العین کے تحت شروع ہونے والی حالیہ  سرگرمی کے توسط سے امریکہ  خیبرپختونخوا کی  حکومت کے ساتھ تعلیم کے شعبہ  کی ترقی پر کام کرتا رہے گا تاکہ  پاکستان کے بچوں، اور خاص طور پر لڑکیوں، کو سہولیات میسر ہوں۔

صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی  کا کہنا تھا  کہ حالیہ دور میں  معاشرتی ترقی کی مشکلات سے نبرد آزما ہونے  کے لیے سرکاری کوششوں میں نجی شعبہ کی معاونت کلیدی اہمیت کی حامل ثابت ہو رہی ہے ، جس کا ایک جیتا جاگتا ثبوت خیبرپختونخوا  میں  صحت کی  خدمات کی فراہمی کے لیے نجی شعبہ کے ساتھ حکومتی اشترا ک ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم  پُر اُمید ہیں کہ  امریکی حکومت کی معاونت سے  شروع کی جانے والی اس سرگرمی کے ذریعہ اسکول کے انتظام کو مزید فعال بنانے کے قابل ہو سکیں گے جس سے اسکول کے معیار میں بھی اضافہ ہو گا۔ 

سفیر ڈونلڈ بلَوم نے  خیبر پختونخوا میں  خواتین  کی سب سےبڑی جامعہ شہید بینظیر بھٹو وومن یونیورسٹی میں قائم ایلی نور روزویلٹ کارنر کا بھی دورہ کیا۔ خیال رہے کہ  پورے صوبہ میں قائم دو میں سے اس ایک  امریکی ثقافتی مرکز سے نوجوانوں کوتعلیم اور تربیت کے مواقع میسر آتے ہیں۔  سفیر بلَوم نے صنفی بُنیادوں پر تشدّد کے خاتمہ کی مہم کے سلسلہ میں تعلیمی ماہرین اور خواتین تاجروں کے ساتھ تعلیم اور تجارت کی ترقی کے ذریعہ صنفی بنیادوں پر تشدد کا خاتمہ کرنے کے زیر عنوان ایک مباحثہ میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی تحفظ کی فراہمی نہ صرف اُن کو صنفی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے کے امکانات کم کرتی ہے بلکہ یہ معاشرہ کی مجموعی ترقی کے لیے مؤثر ترقی پر مبنی حکمت عملی بھی ہے۔ امریکہ کو خیبرپختونخوا سمیت پاکستان بھر میں خواتین اور بچیوں کے  تحفظ اور خوشحالی پر مبنی سرگرمیوں میں سرمایہ کاری پر فخر ہے۔ یاد رہے کہ  امریکی حکومت نے ۲۰۰۸ء سے لیکر خیبرپختونخوا میں ترقیاتی امداد  کے تحت تعلیم، صحت، معاشی ترقی، انتظامی امور  میں اصلاحات اور انسانی ضروریات میں معاونت کے لیے میں  دو ارب ڈالر فراہم کیے ہیں۔