امریکی سفیر کی جانب سے سیلیکٹ یو ایس اے سرمایہ کاری سمٹ میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے وفد کو خراج تحسین

 

سرمایہ کاری کی بڑی کانفرنس کے موقع پر پاکستانی صنعتکار بین الاقوامی تجارتی شخصیات اور امریکی حکام سے ملاقات کریں گے

اسلام آباد (۱۷  ِجون ، ۲۰۱۷ء)__ صنعتی شعبے سے وابستہ سات بڑی پاکستانی کمپنیاں  ۱۸ سے ۲۰ جون تک واشنگٹن ڈی –سی میں  منعقدہ  سلیکٹ یو ایس اے انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گی ۔ اس بات کا اعلان آج امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نےکیا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ یہ سمٹ امریکہ  میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور اہم کانفرنس ہے  جس کے ذریعے بین الاقوامی کمپنیاں ریاست ہا ئے متحدہ امریکہ میں تجارتی سرمایہ کاری میں سہولت کی غرض سے امریکی معاشی ترقی کے اداروں (ای-ڈی-اوز) سے رابطے کرتی ہیں ۔

سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پہلی دفعہ عالمی معیار کی حامل پاکستانی کمپنیاں سلیکٹ یو ایس اے انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گی ۔ یہ سمٹ دونوں ممالک کے درمیان گہرے معاشی روابط کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

پاکستانی کمپنیوں کی صلاحیت اور بین الاقوامی پھیلاؤ  بشمول امریکہ ، میں دلچسپی  کے مد نظر پاکستان کو سلیکٹ یو ایس اے کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔ پاکستانی وفد میں دوسری کمپنیوں سمیت  افیف گروپ، ڈولمن گروپ اور نشاط ملز  کے نمائندگان شامل ہیں ۔

دو ہزار پندرہ کے اواخر تک تین اعشاریہ ایک ٹریلین ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ امریکہ دنیا میں کسی بھی ملک سے زیادہ براہ راست بیرونی سرمایہ  کا حامل ملک ہے ۔ بہت سی پاکستانی فرموں نے حال ہی میں امریکہ میں تجارت کا آغاز کیا یا امریکی منڈی میں سرمایہ کاری کے عمل سے گزر رہی ہیں ۔

امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے کہا کہ امریکہ معاشی   بحالی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے ۔ یہ ایک بہترین وقت ہے جب بین الاقوامی کمپنیاں امریکی منڈی میں شراکت دار تلاش کریں جو نئی منڈی میں انہیں قدم جمانے  اور کاروبار میں اضافے میں مدد گار ثابت ہوں اور ایسے تعلقات بنانے کے لیے یہ سربراہ کانفرنس  ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔

اب تک امریکہ کی اکیاون ریاستوں اور علاقوں اور پینسٹھ بین الاقوامی منڈیوں نے ۲۰۱۷ ء سمٹ کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔

اب تک منعقدہ تین  ایسی کانفرنسوں میں ہزاروں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے شرکت کی ہے، ۲۰۱۶ ء کی سمٹ میں چھبیس سو سے زیادہ مندوبین بشمول ستر  بین الاقوامی سرمایہ کاروں  اور باون امریکی ریاستوں اور علاقوں  اور معاشی ترقی کے اداروں (ای-ڈی-اوز) نے حصہ لیا ۔

سرمایہ کاری سمٹ  اور ایجنڈے کے بارےمیں مزید جاننے کے لیے وزٹ کیجئے:

http://www.selectusasummit.us/.

###