امریکی سینٹکام کے کمانڈر جنرل مائیکل اِی کوریلا کا دورہء پاکستان کے دوران سیکورٹی تعلقات کا اعادہ

 اسلام آباد ( ۱۶ دسمبر  ۲۰۲۲ء)- امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹکام) کے  کمانڈر جنرل مائیکل اِی کوریلا نے ۱۴ سے ۱۶ دسمبر کے دوران  اسلام آباد کا دورہ کیا اور  پاکستان کی عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

جنرل کوریلا نے برّی فوج کے سربراہ  جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں عسکری معاملات کا جائزہ لیا اور باہمی سلامتی امور پر تعاون اور علاقائی استحکام کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اپنے دورے کے موقع پر جنرل کوریلا نے  جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا سے  جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز  میں ملاقات کی اور  باہمی اشتراک   اورمشترکہ سلامتی چیلنجز سے نمٹنے     کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل کوریلا نے افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں سیکورٹی صورتحال  پر گفت و شنید کے سلسلہ میں خیبر پختونخوا کا بھی دورہ کیا۔

واضح رہے کہ  گزشتہ پچھتر برسوں کے دوران امریکہ،  پاکستان کے ساتھ دیرینہ باہمی اشتراک کار کو کلیدی اہمیت دیتا آرہا ہے اوراس نے رواں سال کےسیلاب کے بعد انسانی ضروریات، غذائی تحفظ اور آفات سےنمٹنے اور استعداد کار میں اضافہ کے لیے  ۹ کروڑ ۷۰ لاکھ ڈالر    مالیت کی  امدادفراہم کی  ہے۔ جیسا کہ پاکستان سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں مصروف عمل ہے ، امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ معاونت کے اپنے عزم مصمّم پر کاربند ہے۔

###