کراچی: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے 28 فروری کو منعقد کیے گئے ’’پیرالمپکس اسپورٹس ڈپلومیسی ایونٹ‘‘ میں پیرا اسپورٹس پاکستان کے 100 کے قریب اسپیشل ایتھلیٹ کا استقبال کیا، ان کھلاڑیوں کے ہمراہ ان کے والدین اور انسٹرکٹر بھی تھے۔ قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر ہونے والے اس ایونٹ میں کھلاڑیوں اور قونصلیٹ کے رضاکاروں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جن میں سماعت سے محروم افراد کے درمیان فٹ بال کا مقابلہ، ویل چیئر ریس، بلائنڈ کرکٹ، ویل چیئر باسکٹ بال اور سافٹ بال کے مقابلے شامل تھے۔
امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی نے پہلی بار پیرالمپکس کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے ایونٹ کا انعقاد کیا جو قونصلیٹ جنرل کے اسپورٹس ڈپلومیسی سیریز کا حصہ تھا، ایونٹ کا مقصد ایسے خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جن کو پاکستانی معاشرے میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ پیرالمپکس کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں خصوصی افراد کی صلاحیتوں کے متعلق اپنی کمیونٹیوں کے لوگوں کی سوچ بدلی ہے، پیرالمپکس اسپورٹس نہ صرف کمیونٹی بلکہ ملکوں کے سماجی رویوں میں تبدیلی کی شاندار صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘
پیرا اسپورٹس پاکستان کے صدر خالد رحمانی کا کہنا تھا کہ ’’ ان کی تنظیم مختلف اقسام کی معذوریوں میں مبتلا خصوصی کھلاڑیوں کے لیے کام کرتی ہے، ماضی میں پیرا اسپورٹس پاکستان کا دائرہ کار خصوصی کھلاڑیوں کی بحالی تک محدود تھا مگر حالیہ برسوں میں اس کا دائرہ بڑھادیا گیا ہے اور اب خصوصی کھلاڑیوں کو اعلیٰ ترین سطح کے پیشہ ورانہ مقابلوں میں شرکت کے لیے تربیت اور مدد دی جاتی ہے۔