4 نومبر 2021
رابطہ: پبلک افیئرز سیکشن
فوری اجرا کیلئے
امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو نے حیدرآباد، جامشورو اور ٹھٹہ کے دورے کے دوران صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، توانائی اور جیل اصلاحات میں امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کو اجاگر کیا
کراچی، 4 نومبر 2021ء – امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو نے پاکستان کے عوام کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور زندگی بچانے والی کوویڈ-19 ویکسینیشن کو فروغ دینے کیلئے 2 نومبر سے 4 نومبر تک حیدرآباد، جامشورو اور ٹھٹہ کا دورہ کیا۔
قونصل جنرل اسٹرو نے خطے کے دورے کے دوران تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، توانائی اور جیل اصلاحات میں شراکت داری کے تحت مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔ حیدرآباد میں قونصل جنرل مارک اسٹرو نے امریکہ اور سندھ حکومت کی ویکسینیشن آگاہی مہم فضاؤں سے فلاح تک کے تحت شاہ بھٹائی اسپتال کے ویکسین یونٹ کا دورہ کیا۔ امریکہ کوویڈ-19 کے خلاف عالمی جنگ میں ایک رہنما کی حیثیت رکھتا ہے اور اس نے دنیا بھر میں 20 کروڑ سے زائد ویکسین کی خوراک عطیہ کی ہیں۔
قونصل جنرل اسٹرو نے حیدرآباد میں فائزر ویکسین وصول کنندگان اور ہیلتھ کیئر ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم لوگوں کی جان بچانے کے لیے پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں کے رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو کوویڈ-19 سے بچانے کے لئے جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔” قونصل جنرل نے بتایا کہ امریکہ کےعوام نے ابھی تک پاکستان کو فائزر اور موڈرنا کوویڈ ویکسین کی تقریبا دو کروڑ تیس لاکھ خوراکیں فراہم کی ہیں جو دنیا بھر میں کسی بھی ملک کو اس طرح کا سب سے بڑا عطیہ ہے۔
قونصل جنرل سندھ جیل خانہ جات سٹاف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور جیل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی حوالگی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ شامل ہوئے۔ امریکی مشن پاکستان اور اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم کے دفتر کی معاونت سے تیار کردہ یہ منصوبے پاکستانی جیل کے طریقوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
قونصل جنرل اسٹرو نے لنکن کارنر حیدرآباد میں انگلش ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام کے ایک نئے گروپ کا آغاز کیا۔ 2005 سے اب تک انگریزی زبان میں تعلیم اور قیادت کے دو سالہ پروگرام نے سندھ کے پانچ ہزار سے زائد طلبا کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ کامیابی کے لیئے تیار کیا ہے۔
جھمپیر میں قونصل جنرل اسٹرو اور سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے امریکہ کی مالی اعانت سے چلنے والے ونڈ پاور ٹرانسمیشن سسٹم کا افتتاح کیا تاکہ پاکستان کو صاف ستھرے اور پائیدار توانائی کے مرکب میں منتقلی میں مدد مل سکے۔ امریکہ اور پاکستان کی باہمی سرمایہ کاری سے پاکستان کے نیشنل انرجی گرڈ میں 780 میگاواٹ ونڈ پاور کی صلاحیت شامل ہوگئی ہے۔
قونصل جنرل اسٹرو تھانہ بولا خان کی ہندو برادری سے ملے جہاں انہوں نے ہندو رہنماؤں اور قومی اقلیتی حقوق کمیشن کی چیئرپرسن چیلا رام سے ملاقات کی۔ انہوں نے شری گرو منگل گیر آشرم میں خراج عقیدت پیش کیا اور امریکہ اور پاکستان کے جمہوریت، رواداری اور اتحاد پر مبنی معاشرے اور مشترکہ اقدار پر روشنی ڈالی ۔ آشرم میں قونصل جنرل نے پاکستان، امریکہ اور دنیا بھر میں دیوالی منانے والے تمام لوگوں کو مبارکباد دی۔
حیدرآباد اور جامشورو کی چار یونیورسٹیوں کی قیادت سے ملاقات میں انہوں نے تعلیم کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے اور پاکستانی لیگل انکیوبیٹر پروگرام کے قیام کے لئے موجودہ امریکی مالی اعانت سے شراکت داری سمیت امریکہ اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان موجودہ اور مستقبل کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔
اپنے اس دورے کے اختتام پر قونصل جنرل اسٹرو نے کہا کہ دوران سفر کاروباری افراد، سول سوسائٹی، تعلیمی اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ہوئی ملاقاتوں میں سندھ کی گرم جوشی اور مہمان نوازی نمایاں رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "مجھے سندھ کے عوام کے ساتھ اپنی شراکت داری پر فخر ہے اور میں مستقبل میں بھی مسلسل اشتراک کا خواہاں ہوں۔”
###