حیدرآباد: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے جامشورو کے دوسرے دورے میں مہران یونیورسٹی آف اجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ان طلبہ سے ملاقات کی جو حال ہی میں تعلیمی تبادلے کے پروگرام کے تحت امریکا کی یونیورسٹی آف یوٹا سے لوٹے تھے۔ ان طلبہ نے یونیرسٹی آف یوٹا میں امریکی مدد سے چلنے والے والے پروگرام ’’ یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان واٹر (CAS-W) میں شرکت کی، امریکی قونصل جنرل نے امید ظاہر کی یہ طلبہ آبی وسائل کے تحفظ اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر اسلم عقیلی اور دیگر اساتذہ بھی اس مذاکراتی نشست میں شریک ہوئے، قونصل جنرل گریس شیلٹن نے مہران یونیورسٹی میں ’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان واٹر‘‘ کے تعمیراتی مقام کا بھی دورہ کیا۔
حیدرآباد میں امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے امریکی حکومت کی مدد سے چلنے والے پروگرام ’’ انگلش ورکس‘‘ کے نئے سیشن کا افتتاح کیا جس میں 17 سے 25 سال کی عمر کے 50 نوجوان شریک ہیں۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل گریس شیلٹن نے کہا کہ ’’ انگلش ورکس پروگرام پاکستانی نوجوانوں کو ان کی شاندار مخفی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دیتا ہے اور ان کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ اکیسویں صدی کی بزنس کمیونیکیش میں مہارت حاصل کرکے اپنی قوم اور ملک کے لیے رہنمائی کا کردار ادا کرسکیں۔‘‘
انگلش ورکس پروگرام کا مقصد ناکافی وسائل رکھنے والے پاکستانی نوجوانوں کو انگریزی زبان میں مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، اس پروگرام میں ایسے ذخیرہ الفاظ کو خصوصی توجہ دی گئی ہے جو بزنس انگلش اور ملازمت کے حصول میں مددگار ہو۔ اس سال کے پروگرام میں مختلف ثقافتی اور تعلیمی پس منظر رکھنے والے طلبہ شامل ہیں اور اب تک پورے پاکستان سے 525 طلبہ انرولمنٹ کراچکے ہیں۔
اس سے پہلے امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے حیدرآباد کے سینٹر فار پیس اینڈ سول سوسائٹی (CPCS) میں سول سوسائٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، اس کے علاوہ سرکاری عہدے داروں سے ملاقات میں بچوں سے مشقت (چائلڈ لیبر) کے معاملے پر گفتگو کی۔