سکھر: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے لنکن کارنر خیرپور میں 6 ماہ کے ’’انگلش ورکس‘‘ پروگرام میں 50 نئے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ اس پروگرام کے لیے مالی معاونت ’’مشن پاکستان‘‘ کے علاقائی دفتر برائے انگلش لینگویج پروگرامز نے کی ہے۔ انگلش ورکس کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کاروباری ابلاغیات کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور پیشہ ورانہ سطح کی انگریزی مہارت پیدا کرنا ہے تاکہ انھیں تعلیم اور ملازمت کے شعبوں میں بہتر مواقع میسر آسکیں اور بہت سی صورتوں میں وہ بہتر آمدن کے ذریعے اپنے گھروالوں کی کفالت کرسکیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو امریکی اقدار مثلاً رضاکاریت اور ثقافتی و مذہبی تکثیریت سے بھی روشناس کراتا ہے۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’ چاہے آپ کسی تحقیقی مقالے پر کام کررہے ہوں، کسی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں یا کسی سے کاروباری معاہدہ کررہے ہوں انگلش آپ کے لیے کامیابی کی کنجی ثابت ہوگی اسی لیے ’’انگلش ورکس‘‘ پروگرام کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔‘‘
انگلش ورکس کی افتتاحی تقریب خیرپور کے لنکن کارنر میں منعقد کی گئی، امریکی سفارت خانے کے تحت پاکستان بھر میں 18 لنکن کارنر چلائے جارہے ہیں، لنکن کارنر ایک ریسورس سینٹر ہے جہاں پاکستانی اداروں مثلاً پبلک لائبریریوں، یونیورسٹیوں اور ثقافتی مراکز کے اشتراک سے تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جن کے ذریعے امریکی اور پاکستانی عوام کے درمیان مذاکروں کے مواقع میسر آتے ہیں، باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ ہوتا ہے اور ایسے پروگراموں کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوامی روابط مضبوط ہوتے ہیں۔
لنکن کارنر کے متعق مزید معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔
https://pk.usembassy.gov/education-culture/lincoln-corners/
پاکستان میں امریکی حکومت کی معاونت سے چلنے والے پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔
pk.usembassy.gov