کراچی (24 اگست،2023) کراچی میں امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اورانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بانی پاکستان کی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب پر امریکی عوام کیجانب سے تاثرات درج کیئے۔
اس موقع پر قونصل جنرل ٹربل نے کہا کہ "مزار قائد پرحاضری دیکر محمد علی جناح کے عظیم ورثے کو خراج عقیدت پیش کرنا باعث فخر ہے۔ امریکا بانی پاکستان محمد علی جناح کے متحد اور جمہوری پاکستان کے اعلی مقصد سے سہمت ہے اور اسے نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جس میں برابری، سماجی انصاف اورمعاشی مواقع میسرہوں، اور پاکستان کی بنیادیں انہی اقدارپرجڑیں تھیں اور یہی اقدارہمیں یکساں عزیز ہیں۔”
قونصل جنرل ٹربل نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کے مزارات پر حاضری دی۔ اس کے بعد انہوں نے ملحقہ میوزیم کا دورہ کیا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی کثیر الجہتی زندگی سے منسوب نوادرات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا "آج کا یہ دورہ امریکی عوام کی جانب سےاس عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان کیساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیساتھ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ کام کیا جائیگا، جبکہ سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے، وسیع الشراکتی کاورباراورتعلیمی مواقع کیلئے سازگارحالات پیدا کرنے میں تعاون اس عزم کا حصہ ہے۔”