امریکی قونصل جنرل کا دورہ پورٹ قاسم

کراچی: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین آغا جان اختر کی دعوت پر جمعے کو پورٹ قاسم کا دورہ کیا اور پورٹ کی متاثر کن سرگرمیوں کا خود مشاہدہ کیا۔ امریکی قونصل جنرل نے امریکی کمپنی ایکسیلیریٹ کے پاکستان میں نمائندے محمد راجپر اور اینگرو ایل این جی ٹرمینل کے منیجر عامر محمود سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے پہلے ایل این جی ٹرمینل کے متعلق معلومات حاصل کیں، یہ ایل این جی ٹرمینل امریکا اور پاکستان کے اشتراک سے چلایا جارہا ہے۔

امریکی قونصل جنرل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ” ایکسیلریٹ اور اینگرو کا جدید ترین ایل این جی ٹرمینل انتہائی شاندار ہے جو پاکستان کی گیس کی ضروریات کا 15 فیصد فراہم کرتا ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور پاکستانی معیشت کی ترقی کے لیے امریکا کی مسلسل مدد کا عکاس ہے۔

امریکی کمپنی ایکسیلریٹ پاکستان کا پہلا "فلوٹنگ اسٹوریج اینڈ ری گیسیفکیشن یونٹ” (FSRU) چلا رہی ہے اور اب اس کی گنجائش میں اضافہ کردیا گیا ہے جس سے یہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں مزید اہم کردار ادا کررہا ہے۔