امریکی قونصل خانہ، کراچی میں خواتین پروگرامرز کیلئے ہیکاتھون کا انعقاد

18 اکتوبر 2021
رابطہ: پبلک افیئرز سیکشن

فوری اجرا کیلئے

امریکی قونصل خانہ، کراچی میں خواتین پروگرامرز کیلئے ہیکاتھون کا انعقاد

کراچی، 18 اکتوبر 2021ء – امریکی قونصل خانہ کراچی نے ایشیا فاؤنڈیشن اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی (این آئی سی) کے اشتراک سے 15 سے 17 اکتوبر 2021ء تک خواتین انٹرپرینیورز اور پروگرامرز کیلئے دو روزہ ورچوئل ہیکاتھون "بلٹ بائی ہر” (Built by Her) کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا۔ ہیکاتھون کا مقصد خواتین کی معاشی شمولیت، تعلیم تک رسائی، ماحولیاتی تبدیلی اور سیاحت سے متعلق مسائل کے اختراعی حل کی نشاندہی کرنا تھا۔ مذکورہ تقریب میں سندھ اور بلوچستان کے 31 شہروں سے 866 افراد نے شرکت کی۔

کراچی میں امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو، ایشیا فاؤنڈیشن کے سینئر مشیر حارث قیوم خان اور کراچی نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے ڈائریکٹر عمر عابدین نے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکاء کا خیرمقدم کیا اور خواتین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے شعبوں میں شرکت کی ترغیب دینے اور پاکستان کی معاشی صلاحیت کی راہ ہموار کرنے میں مدد کیلئے ملک کے مسلسل بڑھتے ہوئے اسٹارٹ اپس کے نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

قونصل جنرل مارک اسٹرو نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "امریکہ خواتین کو بااختیار بنانے، صنفی مساوات کو فروغ دینے اور "بلٹ بائی ہر” جیسے اہم اقدامات کے ذریعے اختراع کی حمایت کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہم نے اس سال اکیڈمی آف ویمن انٹرپرینیورز، قدم بڑھاؤ اور شی لَوز ٹیک جیسے پروگراموں کا اہتمام اور حمایت کی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اس طرح کے پروگرام آپ کے معاشی مواقعے بڑھانے کیلئے مطلوبہ مہارتیں تیار کرتے ہیں اور نیٹ ورک کو فروغ دیتے ہیں۔” این آئی سی کے ڈائریکٹر عمر عابدین نے ہیکاتھون کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "بلٹ بائی ہر کے ابتدائی ایڈیشن نے ہمیں پاکستان بھر کی نوجوان_ جدت پسند_ خواتین کیلئے قابل رسائی بنا کر اسٹارٹ اپس کے نظام کو بڑھانے میں مدد کی۔ اس بار ہم یہ دیکھنے کیلئے بے قرار ہیں کہ سندھ اور بلوچستان کون سے جدید خیال پیش کرتے ہیں۔ ”

بلٹ بائی ہر ہیکاتھون پروگرام امریکی قونصل خانہ کی جانب سے پائیدار اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستانی خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کیلئے بہت سے پروگراموں میں سے ایک ہے۔ بلٹ بائی ہر پروگرام کے بارے میں مزید معلومات کیلئے، ملاحظہ کریں: https://www.builtbyher2021.com

###