کراچی (نومبر 18، 2022) – امریکی قونصل خانہ کراچی میں ایجوکیشن یو ایس اے کے اشتراک سے تعلیم کا عالمی ہفتہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں 14 تا 18 نومبر تلک مختلف ایوینٹس کا اہتمام کرکے امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع و فوائد کو اجاگر کیا گیا۔ ان سیریز میں شرکاء نے ورچوئل، ہائبرڈ اور ذاتی طور پر پہنچ کرحصہ لیا۔ جبکہ سرگرمیوں میں شریک طلبہ، والدین اور اسکول کاؤنسلرز کی تیاری کیساتھ دیگر بین الاقوامی طلباء کے بے مثال تجربات، امریکا میں دستیاب معیاری پروگرامز اور مواقع پر توجہ مرکوز رہی۔
تعلیم کے عالمی ہفتہ کی سرگرمیوں میں اعلیٰ تعلیم اور تعلیمی تبادلہ کے معیار کے نمایاں پہلوؤں کو تفصیل سے بیان کیا گیا، جن کی بنیاد امریکا اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر رکھی گئی۔ علاوہ ازیں ان سرگرمیوں میں اعلیٰ تعلیم کے ان اثرات پرروشنی ڈالی گئی، جن کی مدد سے فرد، معاشرے اور قومیں بنتی ہیں۔ امریکی حکومت کی جانب سے ہر سال تقریباً 800 پاکستانیوں کو امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کےمواقع فراہم کیئے جاتے ہیں، جن میں فلیگ شپ فلبرائٹ پروگرام کے ذریعے ماسٹر پروگرام کے 100 اور پی ایچ ڈی کے 50 امیدواروں کیلئے مکمل طور پر فیلوشپس شامل ہیں۔
رواں برس تعلیم کے عالمی ہفتہ کے نمایاں پہلوؤں میں امریکی قونصل جنرل کی میزبانی میں استقبالیہ ہے، جہاں مختلف جامعات اور ہائی اسکول کے کاؤنسلرز کو شعبہ تعلیم میں بہترین خدمات و کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کراچی میں امریکی قونصل جنرل نکول ٹیریو نے کہا کہ "یہاں طلبہ کو نہ صرف جدید مہارتیں اور تجربات سیکھنے کا موقعہ ملتا ہے، بلکہ اکیسویں صدی میں پیش آنیوالے مشکلات اور مواقع کو سمجھنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ یہ تجربات ایک طرف دنیا کو سمجھنے کیلئے طلبہ کے نقطہ نظر کو وسعت بخشتے ہیں، دوسری جانب روزگار و ملازمت کے حوالے سے آج کی مسابقتی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئے شعور میں اضافہ کرتے ہے۔ علاوہ ازیں امریکا میں اعلیٰ معیار کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کیلئے فراہم کردہ یہ مواقع پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کی منہ بولتا ثبوت ہیں، جبکہ پاکستان کیساتھ امریکا کی قابل اعتماد شراکتداری کی زبردست مثال پیش کرتے ہیں۔ یہ طلباء تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملک واپس آکر نہ صرف اپنے شعبہ جات میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں، بلکہ پاکستان و باقی دنیا کیلئے خدمات میں بھی پیش پیش ہیں۔”
امریکی قونصل جنرل ٹیریو کا مزید کہنا تھا کہ "امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا فقط سختیوں بھرا تجربہ نہیں، بلکہ طلبہ کی شخصی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے، تاکہ وہ تنوع سے بھرپور ثقافتی ماحول میں آگے بڑھنے کے قابل ہوں۔ امریکا میں تقریباً 4 ہزار میں سے کسی ایک بہترین اسکول کا انتخاب کرنا کوئی آسان کام نہیں – پاکستان میں ایجوکیشن یو ایس اے (EducationUSA)کے کاؤنسلرز ایسے تعلیمی اداروں کا انتخاب کرنے میں طلبہ کی مدد کرتے ہیں، جہاں وہ حقیقی معنوں میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے فوائد کے حوالے سے آئی ای ڈبلیو (IEW)کی سرگرمیاں دونوں ممالک میں تعلیم کے تبادلہ کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔
آئی ای ڈبلیو (IEW)کی دیگر سرگرمیوں میں امریکا میں تعلیمی مواقع پر ریڈیو سیریز، مقامی جامعات میں ایکسچینج پروگرامز پر روابط بڑھانے کے ایوینٹس، فلبرائیٹ اسکالرشپ اور اس کی تیاری کیلئے ٹوئیٹر اسپیس میں مباحثے شامل ہیں۔ جبکہ فلبرائیٹ پاس کرنے والی خواتین، کالیج اور کیرئیر کی تیاری پر الومنائی پینلز میں خیالات کا تبالہ اور طلبہ کیلئے ویزا سے متعلق فیس بک پر لائیو سیشن بھی ان سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔
ایجوکیشن یو ایس اے(EducationUSA) امریکی حکومت کی جانب سے تصدیق شدہ ایسا ذریعہ ہے، جو امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے مطلوبہ معلومات مہیا کرتا ہے۔ علاوہ ازیں امریکا میں سیکنڈری کے بعد تعلیم حاصل کرنے کیلئے معتبر اداروں کے بارے میں تازہ، جامع اورصحیح معلومات سے آگاہ کرتا ہے، جبکہ امریکی کالیجوں اور جامعات میں داخلے میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کی مفت میں معاونت و رہنمائی کی جاتی ہے۔ پاکستان میں ایجوکیشن یو ایس اے کی میزبانی کی خدمات پاکستان میں امریکی ادارہ برائے تعلیم (USEFP) انجام دے رہا ہے، یہ ادارہ امریکا اور پاکستان کی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے 1950ء میں قائم کیا گیا۔ یو ایس ای ایف پی امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں پاکستانی طلبہ کو معتبر فلبرائیٹ اسٹوڈنٹ پرگرام سمیت کئی سکالرشپس اور ایکسچینج پروگرامز میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
مزید معلومات کیلئے وزٹ کریں www.educationusa.pkاورwww.usefp.org.