30 اپريل 2021
رابطہ: ایمی کرسچنسن
فون: 021 3527 5000
فوری طور پر جاری کرنے کیلئے
امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے "امریکا-پاکستان دوستی باغ” کا قیام
کراچی – امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے یوم شجرکاری پر کلفٹن اربن فاریسٹ میں "امریکا-پاکستان دوستی باغ” کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ کراچی میں قائم اربن فاریسٹ میں "دوستی باغ” کا اضافہ اس بات کی گواہی ہے کہ امریکا ماحولیاتی بحران پر قابو پانے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے کہا کہ، "ہم کراچی کے شہریوں کی فلاح وبہبود اور بہتر صحت کی صحولیات پہنچانے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ ماحولیاتی بحران کا مقابلہ کرنا کسی ایک فرد نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہوسکتا ہے اور ہم مل کر شہری و دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اور ان کی نشونما و حفاظت کرکے اس ہوا کو صاف و شفاف کرسکتے ہیں جس میں سب ہم سانس لیتے ہیں۔”
امریکی قونصل خانہ کراچی، سندھ کے سیکریٹری برائے ماحول، ماحولیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی اسلم غوری اور جاپان کے قائم مقام قونصل جنرل اشیدا کاتسنوری کے ساتھ مل کر اربن فاریسٹ کے اشتراک سے پورے کراچی میں درخت لگانے کیلئے مقامی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کی تائید و امداد کرتا ہے۔ امریکا-پاکستان دوستی باغ، ہوا میں موجود آلودگی کو کم کرنے اور ہوا کا معیار بہتر کرنے کے ساتھ ہی شہری علاقوں میں سیلاب کے امکانات اور گرمی کی شدت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ماحولیاتی تبدیلی اور ماحول سے متعلق سفارتکاری امریکا کی اولین ترجیحات میں سے ہیں۔ اس سلسلے میں چیساپیک فاؤنڈیشن کی جانب سے "بحران کو ٹالنا اور دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا: امریکا، عالمی ماحولیاتی رہنما کی حیثیت میں” کے عنوان کے تحت منعقدہ سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن نے بجا فرمایا کپ، "ماحولیاتی بحران کے منفی اثرات سے وہ لوگوں کو زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جو انہیں برداشت کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ لیکن اگر ہم ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں کامیاب رہے تو اس کے نتیجے میں ہم بے انصافی اور نظام میں موجود نسل پرستی کا مقابلہ بھی بہتر انداز میں مقابلہ کرسکیں گے اور ان جیسے خرابیوں سے بھی نجات پاسکتے ہیں۔”
اربن فاریسٹ، کراچی میں 2016 میں قائم کیا گیا جس میں میاواکی طریقے سے درخت لگائے جاتے ہیں جوکہ جنگلات اگانے کا ایسا موثر انداز ہے جس میں کم پانی سے پائدار درخت اگائے جاتے ہیں۔ اربن فاریسٹ میں اس وقت ایک بہتر ماحول میں تیس ہزار سے زائد درخت لگائے جاچکے ہیں۔ مذکورہ "امریکا-پاکستان دوستی باغ” چار ہزار امریکی ڈالر کی گرانٹ سے تیار کیا جارہا ہے جس میں امریکی قونصل خانہ کراچی میں تعینات سفارتکاروں کے دستے کی اجتماعی کوششیں شامل ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی مزید معلومات کیلئے https://www.state.gov/subjects/climate-change پر جائیں۔
امریکی مشن کے ہوا کے معیار سے متعلق ڈیٹا کے بارے میں مزید جاننے کیلئے https://pk.usembassy.gov/embassy-consulates/air-quality-data پر جائیں۔
###