امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے فلمسازی سیکھنے والے طالب علموں کیلئے ہالی ووڈ کی صف اول کی مصنفہ کے ساتھ ورکشاپ کا انعقاد

۳۱ مئی ۲۰۲۱
رابطہ: برٹنی اسٹورٹ
فون: 021 3527 5000

فوری اجرا کیلئے 

امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے فلمسازی سیکھنے والوں کیلئے ہالی ووڈ کی صف اول کی مصنفہ کے ساتھ ایک ورکشاپ کا انعقاد

کراچی: امریکی قونصل کانہ کراچی نے ہالی ووڈ کی مشہور مصنفہ جینیٹ بئچلر (جنہوں نے بئٹمئن فار ایور اور پامپے فلمیں تصنیف کیں ہیں) کو دعوت دی کہ وہ مقامی فلمساز انعم عباس کے ساتھ مل کر فلمسازی سیکھنے والے پاکستانی طلبا و طالبات کیلئے اسکرین رائٹنگ ورکشاپس کا انعقاد کریں۔ یہ اشتراک امیریکن فلم شوکیس (AFS) کے تحت عمل میں آیا جو کہ امریکی فلم کے ذریعے سفارتکاری کا ایک خاص پروگرام ہے جس کے تحت امریکی فلمساز دنیا کے ۴۰ ممالک کے فلمسازوں کے ساتھ جڑکر کام کرتے ہیں۔

پانچ روزہ ورکشاپ میں پورے سندھ کی جامعات بشمول جامعہ کراچی، انڈس ویلی اسکول آف آرٹس اینڈ آرکیٹیکچر اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ میں زیرتعلیم فلم، ذرائع ابلاغ اور وژوئل آرٹس کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کلچرل اتاشی کیمرون تھامس شاہ نے کہا کہ "ہم طویل عرصے سے پاکستانی فلم کی بحالی کیلئے مدد فراہم کررہے ہیں۔ پاکستانی جامعات، فلمسازوں اور میڈیا کمپنیوں کے ساتھ قائم اشتراک بھی ثقافتی و معاشی تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کا ہی حصہ ہے۔ امریکا، پاکستانی فلم کیلئے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور ہالی ووڈ سے ماہرین بلانے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی فلمسازوں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ وہ اس خوبصورت ملک کی کہانی اور بہتر انداز میں دنیا کے سامنے بیان کرسکیں۔”

ورکشاپ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جینٹ بئچلر کا کہنا تھا کہ، "میں خوشنصیب ہوں کہ مجھے اس ورکشاپ میں شریک ہونے اور فلم سیکھنے والوں کے ساتھ کہانی اور اسکرین پلے کی ساخت، کرداروں کی تشکیل اور اسکرین کیلئے لکھنے کو ایک پیشے کے طور پر اپنانے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کرنے کا موقع ملا۔ شرکا کے پاس دنیا بھر کی سینیما کی حیرت انگیز حد کی معلومات موجود ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ ورکشاپ انہیں اپنی کہانیاں اسکرین پر لانے میں مدد کرے گی اور ہم سب مل کر ان کہانیوں کو دیکھیں گے۔”

امیریکن فلم شوکیس (اے ایف ایس)، امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے اسکول آف سنیمیٹک آرٹس کے درمیان شراکتداری کا پروگرام ہے۔ امریکی مشن پاکستان کے ساتھ مل کر اے ایف ایس ہر سال امریکی فلمسازوں اور فلم کے ماہرین کو پاکستان بھیجتا ہے تاکہ وہ آکر فلموں کی نمائش، ماسٹر کلاس، ورکشاپس اور پریس سے بات چیت کا انعقاد کرسکیں۔ فلمسازی کے شعبے میں تخلیقی معاشیات و شراکتداری کو مستحکم کرنے سے متعلق امریکی عزم کی حاصلات کے ضمن میں اے ایف ایس کی جانب سے پاکستان کیلئے ہر پروگرام اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے جس سے منتخب موضوع پر بات چیت شروع ہوسکے، شرکا کی مہارتوں میں اضافہ ہو اور فلم کمیونٹی اس لائق ہوجائے کہ وہ اپنی کہانی خود سے مزید بہتر انداز میں بتاسکے۔

###