امریکی قونصل خانے کے تحت ساحل سمندر کی صفائی

کراچی۔ امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام ’انگلش ایکسزمائیکرو اسکالرشپ پروگرام‘ کے تحت انگریزی کی تعلیم حاصل کر کے فارغ التحصیل ہونے والے 50طلبا نے ساحل سمندر کی صفائی میں حصہ لیا۔اس مہم کا مقصد امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی میزبانی میں 15سے16ستمبر تک واشنگٹن ڈی سی میں آبی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں منعقد کی جانے والی کانفرنس سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔

PAS_7686

اس موقع پر قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ساحل سمندر کی صفائی میں حصہ لے کران طلبا نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی اہمیت کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنانے کے جذبے کا بھی اظہار کیا ہے۔برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ امریکی قونصل خانےسے تعلق رکھنے والےحکام نے ان نوجوانوں کے ساتھ اس مہم میں حصہ لے کر خوشی محسوس کی اور طلبا کا یہ جذبہ کئی اور لوگوں کو متاثر کرنے کا باعث بنے گا۔

’انگلش ایکسز مائیکرو اسکالر شپ پروگرام‘ امریکی حکومت کے مالی تعاون سے جاری ہے جس کے ذریعے کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھنے والے 14سے 18سال کی عمر کے طلبا کو دو سال تک انگریزی کی مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔2004سے لے کر اب تک پاکستان بھر میں 13ہزار سے زائد طلبا اس منصوبے سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد طلبا اس منصوبے کا حصہ رہ چکے ہیں۔ساحل سمندر کی صفائی جیسے منصوبوں سے یہ طلبا معاشرتی مسائل سے نا صرف آگاہی حاصل کرتے ہیں بلکہ ان کا حل بھی تلاش کرتے ہیں