اسلام آباد (یکم جولائی ۲۰۲۲ء) ۔ امریکہ کے معاون وزیر خارجہ برائے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا اِنفورسمنٹ آفیئرز ( آئی این ایل) ٹوڈ ڈی رابنسن اور امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے آئی این ایل سیکشن کے ڈائریکٹر مارک ٹیرواکاسکی نے یکم جولائی کو انسپکٹر جنرل جنوبی فرنٹیئر کور میجر جنرل محمد منیر افسر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل شمالی فرنٹیئر کور میجر بریگیڈیئر ساجد مجید اور دیگر سینئر ایف سی اہلکاروں کے ساتھ مِل کر نئی تربیتی عمارات کا افتتاح کیا اور ایک کروڑ پانچ لاکھ ڈالر یعنی دو ارب دس کروڑ روپے کی لاگت کے دو نئے منصوبوں کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔
افتتاحی تقریب راولپنڈی میں پاکستان آرمی کے جنرل ہیڈ کوارٹرزمیں منعقد ہوئی اور اس دوران ایف سی شمالی کے وارسک تربیتی مرکز میں ۵۰۰ مردوں اور ۱۲۸ خواتین کے لیے رہائشی بیرکس، کمرہ جماعت اور جسمانی تربیت کی سہولیات سمیت ۴۵ نئی سہولیات کی تکمیل کا جشن منایا گیا۔ امریکی حکومت کی جانب سے ۵۹ لاکھ ڈالر کی اعانت سے یہ منصوبہ ۲۰۲۰ء میں پایہ تکمیل کو پہنچ گیا تھا لیکن کورونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث ان سہولیات کی افتتاحی تقریب ملتوی کر دی گئی تھی۔
مزید برآں حکام نے ایف سی خیبر پختونخوا جنوبی کے آٹھ موجودہ ہیڈ کوارٹرز میں خواتین اہلکاروں کے لیے مختلف سہولیات سے آراستہ عمارتوں کی تعمیر کے معاہدہ پر بھی دستخط کیے۔ امریکی حکومت کی جانب سے۴۶ لاکھ ڈالر کی معاونت سے شروع کیے جانے والے اس منصوبہ کے تحت بیرکس، ڈائننگ ہال، باورچی خانے اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کے نتیجہ میں ہر مقام پر ایک سو اٹھائیس خواتین ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی میں معاونت میسر ہوگی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رابنسن نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری دیر پا مثبت اثرات مرتب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں بہتری لا کر اور حکومتی عملداری کی دُو ر افتادہ اور نظم ونسق کے عدم اطلاق کا شکار علاقوں میں موجودگی یقینی بنانے کے نتیجہ میں وہاں پر عوام کوتحفظ اور خوشحالی کے مواقع مہیا ہوتے ہیں۔
خواتین اہلکاروں کے لیے سہولیات کی تعمیر کے حوالہ سے رابنسن نے کہا کہ امریکہ کے لیے یہ امر باعث مسرت ہے کہ وہ خواتین کو انصاف تک رسائی کے مواقع میں اضافہ اور انصاف کی فراہمی کے عمل میں اُن کی شمولیت یقینی بنا رہا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کی مختلف سرکاری حفاظتی فورسز میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اُن اداروں میں خواتین کے تحفظ کے معاملات کی افہام و تفہیم کو وسعت دے گی اور تمام پاکستانیوں کو معیاری خدمات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں سال آئی این ایل کے پاکستان کے ساتھ’’انصاف، سلامتی اور خوشحالی‘‘ کے زیر عنوان شراکت کے چالیس سال مکمل ہو رہے ہیں اور اِن چار دہائیوں کے دوران ریاستہائے متحدہ امریکہ کی حکومت نے پاکستان میں عوام کا تحفظ یقینی بنانے، قانون کے نفاذ ، استغاثہ اور عدالتی نظام کی استعداد کار بڑھانے کے مقصد سےگزشتہ چار دہائیوں کے دوران ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے۔
واضح رہے کہ آئی این ایل کا بیورو ۶۰ سے زیادہ ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کی روک تھام، منشیات کی تجارت کے انسداد، پولیس اداروں میں إصلاحات اور شفاف اور قابل احتساب عدالتی نظام کے فروغ کے لیےکام کرتا ہے۔ آئی این ایل کے بارے میں مزید معلومات کے حُصول کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں:
###