امریکی مشن پاکستان کے تعاون سے فیوچر آف ویمن ان انرجی اسکالرز پروگرام میں شامل خواتین کی گریجویشن

 اسلام آباد ) 3 جولائی ۲۰۲۲ء( امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کےمشن ڈائریکٹرریڈ ایشلی مین نے یو ایس پاکستان ویمن کونسل )یو ایس پی ڈبلیو سی( کے فیوچر آف ویمن اِن انرجی اسکالرکےپائلٹ پروگرام میں شریک ہونے والی ۱۷ پاکستانی خواتین کی گریجویشن کی امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کی صدارت کی۔

چار ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام کا مقصد خواتین کو توانائی کے شعبہ میں ملازمت اختیار کرنے کی ترغیب دینا  اور پاکستان میں خواتین کے کردار میں پیش رفت یقینی بنانا ہے۔ اس پروگرام میں شریک ہونے والی پاکستانی خواتین انڈر گریجویٹ طالبات سائنس کے شعبہ میں زیر تعلیم ہیں جبکہ یہ پروگرام ستمبر۲۰۲۱ء میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے توانائی مذاکرات میں اظہار کردہ اُس امریکی عزم کی تعبیر ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں خواتین کے کردار میں اضافہ کرنے میں معاونت کرے  گا۔

گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کےمشن ڈائریکٹر ایشلی ریڈ نےکہا کہ جیسا کہ رواں سال ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کے قیام کی پچہترویں سالگرہ منا رہے لہٰذا آج کی یہ تقریب تعاون کے سلسلہ میں ایک سنگ میل ہے جو اس امر کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ ہمارے درمیان شراکت کی بڑی گنجائش موجود ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام  کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور ملازمت کے مواقع کے سلسلہ میں معاونت کرنا ہے اور یہ پروگرام دونوں ملکوں کے باہمی عزم کی گہرائی اور وسعت کے ساتھ ساتھ تعاون کو بڑہانے کے دستیاب مزید امکانات کا بھی مظہر ہے۔

واضح رہے کہ یو ایس پی ڈبلیو سی،امریکی مشن پاکستان،امریکی محکمہ خارجہ،امریکی محکمہ توانائی،امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی، ٹیکساس اےاینڈایم یونیورسٹی اور قطر میں ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے کیمپس کےتعاون سے اس کاوش کاآغاز تین جون کو قطر میں قائم امریکی یونیورسٹی ٹیکساس اے ایم کے کیمپس پر دو ہفتوں کے مطالعاتی پروگرام کے انعقاد سے ہوا۔اس دوران شرکاء نے توانائی کے بنیادی ڈھانچہ، توانائی کے تحفظ ور توانائی کےشعبہ میں خواتین کے کردار کے بارے میں سیکھااورتوانائی سےمتعلق مختلف پہلووں پر آزادانہ طورپرمنصوبہ سازی کی مشق کی۔بعد ازاں طالبات کو توانائی کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے سے متعلق پروگرام کے لیے دو ہفتوں کے لیے اسلام آباد اور لاہور میں مشغول کیاگیا جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ سے وابستہ سرکاری اور نجی کمپنیوں اورمحکموں کا دورہ کیا۔ طالبات نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ کو درپیش کثیر الجہتی دشواریوں کے بارے میں مطالعہ کیا۔

توانائی کے شعبہ میں خواتین کی شرکت کوفروغ دینےکےخواہاں متعددپاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں اور سرکاری شعبہ کے آجروں نے بھی اس پروگرام میں حصہ لیا۔ پاکستان کے لیے شفاف اورمحفوظ توانائی کے مستقبل کا ادراک کرنے کے لئے تنوع کو وسعت دینا اور خواتین کی شمولیت ضروری ہے۔

امریکہ پاکستان خواتین کونسل ایک پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہے جو پاکستان میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبہ،سول سوسائٹی اور حکومتی رہنماؤں کے عزم کو متحرک کرتے ہوئے پاکستان میں خواتین کی معاشی شرکت کو بڑھانا چاہتی ہے۔پیپسی کو،کوکا کولا،سٹی، جنرل الیکٹرک،پراکٹر اینڈ گیمبل،ایس اینڈپی گلوبل،دی ریسورس گروپ، اینگرو،دی ہَشو گروپ،دی امریکن بزنس کونسل اینڈ امریکن چیمبرآف کامرس کی یو ایس پاکستان بزنس کونسل سمیت صنفی مساوات پر کام کرنے والے معروف ادارے اس کونسل میں شامل ہیں۔

###