اسلام آباد ( اکتوبر۴، ۲۰۱۸ ء) – ملک بھر سے آئے ہوئے لگ بھگ ۲۰۰ طالبعلموں اور نوجوان ماہرین نے ۴ اکتوبر کو امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) پاکستان کے تعاون سے "دی گُڈ فار یوتھ-گُڈ فار پاکستان” کے عنوان سے منعقد ہونے والے میلےمیں شرکت کی۔ میلے میں پاکستان کی آئندہ نسل کے کئی زہین ترین ارکان نے ملک کے مستقبل سے متعلق خیالات کا تبادلہ کیا اور ملک کے مستقبل کی تشکیل میں اپنے کردار کاجائزہ لیا۔ میلے کی اختتامی تقریب میں امریکی مشن پاکستان کے ناظم الامور سفیر جان پال جونز نے میں پاکستانی نوجوانوں کی مثالی سماجی قیادت کو سراہا۔
میلہ میں دلچسپ سرگرمیاں، مقصدی وترغیبی تقاریر اور موسیقی ، جبکہگونا گوں علاقائی اور معاشی پسمنظر کےحامل نوجوانوں کے درمیان اُن کو میسر آنے والے مواقع کو حاصل کرنے کی راہ میں حائل مشکلات کا حل پیش کرنے کے متعلق براہ راست پریزنٹیشن اور وڈیو پیغامات کے مقابلے شامل تھے۔
اختتامی تقریب کے موقع پر سفیر جونز نے متعدد شرکاء کو پاکستانی معاشرہ میں سرگرم کردار ادا کرنے اور میلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرانعامات دیئے۔
سفیر پال جونز نے میلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو خوشی ہے کہ امریکہ ان ترجیحات کی تکمیل کے عمل میں پاکستان کا شراکت دار ہے جن کی میلہ میں شریک ہونے والے نوجوانوں نے نشاندہی کی ہے یعنی معیاری تعلیم، آج کی معیشت میں ملازمت کے لئے مطلوبہ تربیت اور صنفی مساوات ۔ یہ ترجیحات دونوں ممالک کے درمیان یکساں ہیں۔
تقریب میں تین مختصر دورانیہ کی دستاویزی فلموں کی نمائش بھی کی گئی۔ ان میں سے ہر فلم میں ایسے مختلف نوجوانوں کی کامیابیوں کو اُجاگر کیا گیا تھا جنہوں نے امریکی مشن پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ قلیل اعانت کی بدولت بڑےمسائل پر قابو پا کر اپنےاوراپنے خاندان اور کمیونٹی کے لئے بہتر مستقبل یقینی بنایا ہے۔ یہ فلمیں ماہ ِاکتوبر کے دوران ٹیلی ویژن پر دکھائی جائیں گی۔