امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر کا وفد کے ہمراہ دورہ سندھ: سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور صحت کی خدمات کا جائزہ

U.S. Deputy Chief of Mission (DCM) Andrew Schofer visits U.S.-funded programs that are helping Pakistanis address nutrition, health, and protection challenges caused by the devastating 2022 floods.

 میرپور خاص، سندھ: پاکستان میں امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر کی سربراہی میں امریکی وفد نے 27 فروری کوصوبہ سندھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے  امریکی حکومت کی مالی معاونت سے جاری پرورگرامز کا جائزہ لیا. ان پروگرامز کے تحت2022ء میں سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں صحت، تحفظ اور غذائی قلت سمیت دیگر چیلینجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ امریکی حکومت  کی جانب سے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالرز کی مالی معاونت فراہم کی جاچکی ہے، جس کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی و امداد، سیلابی تباہی سے نمٹنے کی استعداد میں اضافہ اور غذائی تحفظ  کو یقینی بنانا ہے۔ امریکی حکومت نے پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے سیلاب متاثرین  کی  بحالی میں بھرپور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

اینڈریو شوفرنے امریکی حکام کے ہمراہ میرپور خاص میں قائم دیہی صحت مرکز کا دورہ کیا، جہاں اقوام متحدہ کا فنڈ برائے اطفال (UNICEF) صحت اور غذائی خدمات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔ ان خدمات کیلئے یونیسیف کو امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID)کے ذریعے امریکی حکومت کی فنڈنگ حاصل ہے۔

اینڈریو شوفر نے یونیسیف کے نمائندگان سے ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غذائی قلت سمیت دیگر مسائل  پر گفتگو کی، جبکہ  پاکستان میں صحت کے نظام پر سیلابی تباہی کے گہرے اثرات کو سمجھنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیا ل ہوا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کو فراہم کردہ بنیادی صحت کی خدمات، بشمول امریکی حکومت کی مالی معاونت سے غذائی اشیاء کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا۔

بعد ازاں امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر نے گاؤں جیئو کلوئی کا دورہ کیا، جہاں یونیسیف کیجانب سے امریکا کی مالی معاونت سے موبائل کلینک کے ذریعے صحت وغذا ئی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔  یونیسیف سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی بحالی و امداد کی خدمات میں مصروف عمل ہے، جبکہ صنفی بنیادپرتشدد (GBV) کی روک تھام  اور بچوں کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے یونیسیف کا کلیدی کردار جاری ہے۔