اسلام آباد(۳ جون ۲۰۲۲ء) پاکستان میں امریکی مشن کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ یو ایس پاکستان ویمن کونسل (یو ایس پی ڈبلیو سی) کی جانب سے چار ہفتوں کے دورانیہ پرمبنی فیوچر آف ویمن اِن انرجی اسکالرز پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے۔اس پروگرام کےتحت پانچ جون سے سَترہ ہونہار پاکستانی طالبات توانائی کےشعبہ میں کام سیکھنے سےمتعلق ایک سرٹیفکیٹ پروگرام میں شرکت کریں گی۔یہ پروگرام نوجوان خواتین کو ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے قطر میں قائم کیمپس میں توانائی کےاُموراوربنیادی ڈھانچہ کے بارے میں تعلیم حاصل کرنے کےمواقع فراہم کرتے ہوئے پاکستان کےتوانائی کےشعبہ میں خواتین کی شرکت اورسربراہی کو فروغ دے گا۔ قطر میں دو ہفتوں کے دورانیے پر مُحیط پروگرام میں شرکت بعد یہ طالبات پاکستان واپس پہنچ کراسلام آباداورلاہورمیں اہم سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ مشغول ہو کرخودکو پاکستان میں توانائی کے شعبہ سے مانوس اور اس کے بارے میں معلومات حاصل کریں گی۔
اس پروگرام کی اعانت پاکستان میں امریکی مشن، امریکی محکمہ خارجہ، امریکی محکمہ توانائی، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی( یو ایس ایڈ) ،ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی اورتوانائی کے شعبہ میں خواتین کی ترقی کے فروغ میں دلچسپی رکھنے والے متعدد سرکاری اور نجی آجر اداروں نے کی ہے۔یہ پروگرام یو ایس پاکستان انرجی ڈائیلاگ ۲۰۲۱ء کے تحت امریکہ کی جانب سے پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں خواتین کی تعلیمی اور معاشی شمولیت میں اضافہ کرنے کے عزم کی تکمیل کے تحت شروع کیا گیاہے۔
اس پروگرام میں شریک ہونے والی پاکستانی طالبات مُلک کی مختلف نجی اور سرکاری جامعات میں سائنس اور انجنیئرنگ میں بیچلرز ڈگری کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور اُن کو ایک سخت انتخابی طریقہ کار کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر ہمیں یو ایس پی ڈبلیو سی کے فیوچر آف ویمن اِن انرجی اسکالرز پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔اس پروگرام کے تحت پاکستان میں امریکی مشن توانائی کے شعبہ میں ملازمت کے مواقع کی متلاشی خواتین کی معاونت کر رہا ہے تاکہ انہیں ایک متحرک مستقبل کی خاطر پیشہ ورانہ روابط کے مواقع میسّر آ سکیں ۔
یو ایس پی ڈبلیو سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رادھیکا پرابھو نے شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس پی ڈبلیو سی کا فیوچر آف ویمن اِن انرجی اسکالرز پروگرام نوجوان خواتین کو توانائی کے شعبہ میں عملی تجربہ سے آراستہ کرے گا۔
یو ایس پاکستان ویمن کونسل سرکاری اور نجی شعبوں پر مشتمل اشتراک ہے اور اس کا مقصد نجی شعبہ، سول سوسائٹی اور سرکاری شعبہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کے عزم پر عملدر آمد کرانے کی کوششوں کو تیز تر کروانا ہے تاکہ پاکستان میں خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے حوالے سے پیش قدمی کی جاسکے۔
یو ایس پی ڈبلیو سی کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک پر جائیں۔https://www.state.gov/initiatives-u-s-pakistan-womens-council/
###