کراچی (25 مارچ ،2022)- امریکی ناظم الاُمور اینجلا ایگلر 23 تا 25 مارچ تک کراچی کے دورے پر پہنچیں، جہاں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی حسن ناصر شاہ، صنعتی نمائندگان اور خواتین ایتھلیٹ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد امریکا اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو 75 سال مکمل ہونے پر تعلقات کو مزید بہتر و مستحکم بنانا ہے۔
امریکی ناظم الامور ایگلر کے کراچی کے دورے کا اہم پہلو ویمنز ہسٹری منتھ (خواتین کی تاریخ کا مہینہ) کے حوالے سے خواتین کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابسطہ صحافیوں سے مذاکرات کا دور تھا۔ ایگلر نے کھیلوں کے اکھاڑے اور اولمپکس کے میدانوں تک آنے کیلئے خواتین کو حائل رکاوٹیں دور کرنے پر پاکستانی کھلاڑیوں کو سراہا۔ ایگلر کاکہنا تھا کہ ” ہم پاکستانی خواتین کی ترقی اور خودمختاری کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم معاشرے کے ہر شعبے میں خواتین کیلئے اعلی مقام کے خواہاں ہیں، تاکہ وہ بھی دنیا کو بہتر ،محفوظ اور خوشحال بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔
امریکی ناظم الامور ایگلر نے کراچی کی مضافاتی بندرگاہ پورٹ قاسم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے چئیرمین حسن ناصر شاہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی سرگرمیوں اور سرحدی تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایگلر کی طرف سے سمندر میں لکوئیفائیڈ نیچرل گئس (ایل پی جی) اور گئس سازی کے یونٹس کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں انہوں نے عملے سے بات چیت بھی کی اور پاکستان کے توانائی کے شعبے میں کمپنی کی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر ایگلر نے کہا کہ "پاکستان اور امریکا کے درمیان عوامی سطح پر باہمی معاشی تعاون کو دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے پورٹ قاسم کے دورے کے موقع پر امریکی کمپنیز کارگل اور پراکٹر اینڈ گیمبل کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا، جن کا سماجی سرگرمیوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان میں انتہائی مثبت کردار ہے۔ امریکا کا شمار پاکستان کیلئے غیرملکی سرمائیکاری کے اہم ذرائع میں ہوتا ہے۔ امریکی ناظم الامور ایگلر کی طرف سے کراچی اور پورٹ قاسم کا دورا دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے جاری کاشوں کی عکاسی کرتا ہے۔
###