28 اکتوبر 2020
رابطہ: برٹنی اسٹیورٹ
فون: 021-3527-5000
فوری اجرا کیلئے
امریکی ناظم الامور اینجیلا ایگلر کی مزار قائد پر حاضری
کراچی: امریکی ناظم الامور اینجیلا ایگلر نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اینجیلا ایگلر نے قائد اعظم کی قبر پر گلدستہ رکھا اور امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی جانب سے مہمانوں کے پیغامات کیلئے رکھی کتاب میں تاثرات درج کیے۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان اور قائداعظم کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کی آخری آرامگاہ پر بھی حاضری دی۔
اپنے پیغام میں اینجیلا ایگلر نے لکھا کہ، "جمہوریت، رواداری اور برداشت میں یقین رکھنے والے اس عظیم قائد کے مزارِ پر حاضری دینا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ امریکا اور پاکستان کے بیچ پائدار تعلقات کی بنیاد رکھنے والے اس مدبر رہنما کو امریکی عوام کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ میں شکرگذار ہوں کہ مجھے یہاں آکر ان کے افکار پر غور و فکر کرنے کا موقع ملا , جوکہ آج بھی ہم سب کے کیلئے ایک پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے رہنما اصول کی حیثیت رکھتےہیں۔”