11 جون 2021
رابطہ: برٹنی اسٹورٹ
فون: 021 3527 5000
فوری اجرا کیلئے
امریکی ناظم الامور لیزلی وگری کی جانب سے امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی و عسکری تعلقات کو تقویت دینے کیلئے کراچی کا دورہ
کراچی – امریکی ناظم الامور لیزلی وگری کا کراچی کا سہ روزہ دورہ اختتام پذیر ہوا جس دوران انہوں نے امریکا اور پاکستان کے بیچ قائم تعلقات کو مزید بہتر اور مستحکم بنانے کیلئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پاکستان بحریہ کے افسران، تاجروں اور خواتین انٹرپرینیوز سے ملاقات کی۔
ناظم الامور وگری نے سندھ صوبے میں یو ایس ایڈ کے منصوبوں میں معاونت کرنے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے کردار کو سراہا۔ ان منصوبوں کا مقصد سویلیئن گرانٹس کے ذریعہ صوبے کے تعلیم، صحت اور زرعی شعبوں میں بہتری لانا ہے۔
ریئر ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کے دوران امریکی سفیر وگری نے امریکا اور پاکستان کے درمیان عسکری تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ بعدازاں ناظم الامور کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس مانٹرے پر تشریف لے گئے اور امریکی عملے سے ملاقات کی۔ یو ایس ایس مانٹرے کا دورہ کراچی پاکستان بحریہ کے ہم منصب افسران کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پرپیشہ ورانہ کام سرانجام دینے کیلئے تربیت اور ماہرین کے تبادلے کے سلسلے میں کیا گیا۔ سمندر میں کی جانے والی بحری تحفظ کیلئے دو طرفہ تربیت شروع ہونے سے پہلے امریکی افسران اور ماہرین جہاز رانی کو پاکستانی بحری جہاز اسلات پر رات کے کھانے پر مدعو کیا گیا۔
امریکا اور پاکستان کے بیچ تجارتی و کاروباری تعلقات کو تقویت دینے کیلئے امریکی ناظم الامور نے کراچی میں اہم کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی جن میں امیریکن بزنس کاؤنسل کے عہدیداران بھی شامل تھے۔ جن میں اہم شعبہ جات جیسے زراعت، معلوماتی اور مواصلاتی ٹیکنالجی، قابل تجدید توانائی اور ایل این جی میں امریکی اور پاکستانی کمپنیوں کی مدد کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ لیزلی وگری نے مشہور پاکستانی کاروباری خواتین سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے خواتین کی سربراہی میں شروع ہونے والے کاروبار کیلئے موجود مواقع اور انہیں درپیش مشکلات کو سمجھنے کیلئے تفصیلی بات چیت کی تاکہ ان پہلؤں کا جائزہ لیا جاسکے جن میں امریکی حکومت ممکنہ طور پر ان کی مدد کرسکتی ہے۔
ناظم الامور وگری کے دورے کی اہم سرخیوں میں کراچی میں امریکی حکومت کی مدد سے قائم ایک جدید اسکول کا افتتاح بھی شامل ہے۔ مذکورہ اسکول کی تعمیر سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جس کے ذریعے یو ایس ایڈ سندھ کے 10 اضلاع میں 104 اسکول تعمیر کررہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت یو ایس ایڈ نے سندھ میں تعلیم کا معیار بہتر بنانے کیلئے جدید اسکولوں کی تعمیر پر 25 ارب پاکستانی روپے (159.2 ملین امریکی ڈالر) امداد کی مد میں خرچ کرچکا ہے۔
اپنے دورے کا آغاز ناظم الامور وگری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مقبرے پر حاضری دینے سے کیا جہاں انہوں نے عظیم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔