امریکی یونیورسٹیز کی جانب سے پاکستانی طالب علموں کیلئے امریکا میں اعلى تعلیم حاصل کرنے سے متعلق آگاہی نمائش

2 اکتوبر 2019
رابطہ: جیسن گرین
فون: 021-3527-5000

فوری اجرا کیلئے

امریکی یونیورسٹیز کے نمائندگان کی جانب سے پاکستانی طلبا و طالبات کیلئے امریکا میں اعلى تعلیم حاصل کرنے سے متعلق آگاہی نمائش

کراچی – 2 اکتوبر 2019 – اعلى تعلیمی پروگرام اور عالمی طور پر مانے جانے والے سینکڑوں معیاری شعبوں میں خاص مقام کی حامل امریکی درسگاہیں دنیا کی مختلف ممالک کے طلبا کو معیاری تعلیم کے مواقع پیش کرتی ہیں۔ انہیں میں سے 25 امریکی درسگاہوں کے نمائندگان نے EducationUSA کے پاکستان ٹوئر کے موقعہ پر پاکستانی طلبا و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ سے ملاقات کرکے انہیں امریکا میں پڑھنے سے متعلق معلومات فراہم کی ۔

درسگاہوں کے نمائندگان نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے دورے کیے اورتعلیمی میلوں میں اپنے اداروں کی جانب سے پیش کیے جانے والے پروگراموں، داخلا لینے کے طریقہ کار اور مالی امداد کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی۔    

قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے اس مناسبت سے کہا، "اس وقت 7,600 سے زائد پاکستانی طلبا امریکا کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ گوکہ یہ ایک اچھی تعداد ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ مزید پاکستانی طلبا و طالبات اعلى تعلیم حاصل کرنے کیلئے امریکا جائیں۔ امریکا پوری دنیا سے آئے طالب علموں کو جدید تعلیمی وسائل کے ساتھ اکیسویں صدی کے وسائل و مسائل  سمیت جدید دور کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کا ہنر بھی سکھاتا ہے۔ اس سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو جاب مارکیٹ میں برتری حاصل ہوتی ہے۔”

EducationUSA پاکستان، امریکا میں اعلى تعلیم حاصل کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے قائم شدہ ایک باضابطہ ادارہ ہے جوکہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 175 ممالک میں طلبا کیلئے قائم 425 بین الاقوامی تعلیمی مشاورتی مراکز کا حصہ ہے۔ پاکستان میں ایجوکیشن یو ایس اے کا اہتمام امریکا اور پاکستان کی جانب سے 1950 میں قائم کمیشن یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (USEFP) کی جانب سے کیا جاتا ۔

ویسٹرن کینٹکی یونیورسٹی کے برائسن کیلٹنر نے 2019 ٹوئر میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہم اس ٹوئر کے دوران کیے گئے انتظامات، پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور اسٹاف اور نمائندگان کے درمیان دوستانہ تعلق سے بہت متاثر ہوئے۔ ہماری ملاقات کئی ہونہار طلبا سے ہوئی اور ہم نے بہت سے دوست بھی بنائے۔”

EducationUSA پاکستان کی جانب سے مفت مشاورت کیلئے برائے مہربانی www.usefpakistan.org پر جائیں۔