اسلام آباد( ۱۷ ستمبر ۲۰۲۱ء) پاکستان میں عورتوں کی سربراہی میں فعال تجارتی منصوبوں سے وابستہ ۴۷۶ شرکاء کے درمیان مقابلہ کے بعد بارہ تاجر خواتین کو ماہر کاروباری شخصیات پر مشمتل ایک پینل نے امریکی سفارتخانہ کے ایکسیلیٹر پروگرام فار ویمن انٹر پرینیوئرز ( اے پی ڈبلیو اِی) کے توسط سے سلیکان ویلی کے سرمایہ کاروں کے سامنے اپنے کاروباری منصوبے پیش کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت کی اعانت سے چلنے والا اے پی ڈبلیو اِی منصوبہ تاجر خواتین کی تربیت کے ذریعہ عورتوں کو بااختیار بنانے میں مصروفِ عمل ہے۔
ایک دشوار گزار انتخابی عمل کے بعد ابتدائی طور پر ۷۵ نئے کاروباری منصوبے کامیاب ہوئے اور اپنے تجارتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے حُصول کی حکمت عملی پر پیشہ ورانہ مشورہ اور تربیت وصول کی۔ مذکورہ فہرست کی مزید چھان بین کر کے ۳۵ منصوبوں تک محدود کیا گیا، جن کو امریکی ڈرامہ سیریل شارک ٹینک کی طرز پر آن لائن سرمایہ کاری مقابلہ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا۔ بعد ازاں ماہر تاجروں پر مشتمل ایک پینل نے شرکاء کی گزشتہ مسابقت کے دوران سرمایہ کاری کے حُصول پر مرکوز کارکردگی کی بنیاد پر۳۵ میں سے صرف ایک درجن تجارتی منصوبوں کا حتمی انتخاب کیا ،جن کو امریکہ کے دورے کی تیاری اور وہاں پر مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ تجارتی تعلقات اُستوار کرنے کے لیے وسائل، تربیت، رہنمائی اور پائیدار مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اُس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کے نائب ثقافتی اتاشی ووآن جے جرمن نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ تمام شرکاء معاشرتی اور مُلکی ترقی کے لیے بڑے خواب لیکر آئےہیں اور آپ سب کی خواتین کو با اختیار بنانے، تجارت اور سماجی ترقی کے عمل میں دلچسپی اپنے وطن پاکستان سے محبت کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اے پی ڈبلیو اِی پاکستان میں امریکی حکومت کی معاونت سے فعال متعدد تبادلہ پروگراموں میں سے ایک ہے۔ ہر سال پاکستان میں موجود امریکی سفارتی مشن آٹھ سو سے زیادہ پاکستانیوں کو مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں پر امریکہ کے دورے پر روانہ کرتا ہے۔
####