اسلام آباد ( ۱۶ جون ۲۰۲۳ء)- ریاستہائے متحدہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹونی بلنکن نے ۱۵ جون کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والی ایک پُر وقار تقریب میں پاکستان کےقانون نافذ کرنے والے افسر ظہیر احمد کو بردہ فروشی کی روک تھام کے لیے منظم کاوشوں کے اعتراف میں ٹریفکنگ اِن پرسنز (ٹی آئی پی) ہیرو ایوارڈ سے نوازا۔ یہ سالانہ ایوارڈ دینے کا مقصد ٹریفکنگ اِن پرسنز کی جانب بین الاقوامی توجہ مبذول کرانا ہوتا ہے۔ ظہیر احمد کو یہ ایوارڈ حکومتِ پاکستان کی جانب سے بردہ فروشی کے خاتمہ کے لیے متعارف کردہ اصلاحات کے بہترین نفاذ، اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کے سلسلہ میں قائدانہ کردار ادا کرنے اور تربیتی اقدامات سرانجام دینے پر دیا گیا ہے۔ ان کاوشوں کی بدولت ۲۰۲۲ء کی بین الاقوامی بردہ فروشی کی درجہ بندی میں پاکستان ترقی کر کے درجہ دوئم واچ لسٹ سے نکل کر صرف درجہ دوئم میں شامل ہو گیا۔
واضح رہے کہ ظہیر احمد فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ یونٹ کے سابق ڈائریکٹر ہیں اور وہ پاکستان میں ہر قسم کی انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ پاکستان میں انہوں نے اِس بین الاقو امی مسئلہ کے خطرات سےممکنہ طور پر متاثر ہونے والے پاکستانیوں کو آگہی فراہم کی اور اُن ہی کےغیر متزلزل عزم اور اختراع پسندی پر مبنی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوا اور بردہ فروشی اور اُس سے متاثرہ افراد کی شناخت میں بہتری واقع ہوئی۔
ایف آئی اے میں اینٹی ہیومن سمگلنگ یونٹ کےسربراہ کے طور پر ظہیر احمد قانون نافذ کرنے والے اداروں، محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر شراکت داروں کو بردہ فروشی کے واقعات کی روک تھام، شناخت اور معاونت کی تربیت فراہم کرنے کی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے۔ ظہیر احمد کی کاوشوں نے مقامی اور بین الاقوامی آگہی گروپوں تک وسعت پائی ، حکمت عملی پر مبنی اشتراک تشکیل پائے اور بردہ فروشی کے خلاف متحدہ محاذ مضبوط ہوا۔ اُن کی انتھک محنت پاکستان میں پالیسی سطح کی اصلاحات اور قانونی ڈھانچہ کی مضبوطی میں مؤثر ثابت ہوئی۔ ظہیر احمد اور دیگر پاکستانی اہلکاروں کی قابل تحسین خدمات کی وجہ سے ہی پاکستان نے ۲۰۲۲ء میں اقوام متحدہ کے بردہ فروشی کی روک تھام، خاتمہ اور سزا سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کیے۔
واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران یہ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے ظہیر احمد نے اپنے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ہماری اجتماعی کوششوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دُنیا بھر سے بردہ فروشی کے خاتمہ کی خاطر اپنے ہم منصب افراد کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ "دی ٹی آئی پی رپورٹ ہیرو ایوارڈ” ظہیر احمد جیسے افراد کی شاندار کوششوں کا اعتراف ہے، جن کی لگن اور عزم دیگر لوگوں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ مقصد کے ساتھ لازوال وابستگی پر ظہیر احمد نے اپنے ساتھیوں سے احترام اور ستائش کمائی ہے اور اب وہ امریکہ میں انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام میں شرکت کا آغاز کر رہے ہیں، جس کے دوران وہ امریکہ کا دورہ کرتے ہوئے انسداد بردہ فروشی کی کوششوں سے وابستہ اپنے دیگر امریکی ہم منصب افراد سے ملاقاتیں کریں گے اور اس طرح اُن کو مزید سیکھنے کے مواقع میسر ہونگے۔
###