اسلام آباد( ۱۱جنوری ۲۰۲۱ء) امریکی سفارتخانہ کے شعبہ انسداد منشیات و نفاذ قانون(آئی این ایل) نے خیبر پختونخوا کے صوبائی محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ مل کر جیلوں کے عملےاور قیدیوں کوکووڈ -۱۹ کے پھیلاؤ سے روکنے کے لیے ۲۸ دسمبر سے سات جنوری تک ستانوے لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کے ذاتی تحفظ کے سازوسامان ، ہینڈ سینیٹائزر، صابن اور دستانے فراہم کیے۔
عملہ کے لیے ذاتی تحفظ کے سازوسامان اور قیدیوں کو صفائی ستھرائی کی اشیاء کی فراہمی پاکستان میں امریکی سفارتی مشن اور محکمہ جیل خانہ جات خیبر پختونخوا کے درمیان جیلوں میں بہتری اور پاکستان بھر میں جیل حکام کی استعداد کار میں اضافہ کےنصب العین سے جاری اشتراک کار کا حصہ ہے۔
باہمی اعتماد پر قائم اِس اشتراک کے تحت آئی این ایل اور خیبر پختونخوا محکمہ جیل خانہ جات نے پاکستان بھر میں جیل افسران و اہلکاروں کو بنیادی اور اعلیٰ سطح کی اصلاحی ادارہ جاتی انتظام وانصرام کی تربیت فراہم کی ہے جبکہ سینکڑوں ملازمین کو جیلوں کا بہتر نظم و نسق چلانے اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے حفاظت سے متعلق سامان اور ڈیجیٹل مشینیں بھی مہیا کی جا چُکی ہیں۔