اسلام آباد( ۲۹ ،اکتوبر ۲۰۲۱ء) پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے قائم اکیڈمی فار ویمن انٹرپرینیوئرز (اے ڈبلیو اِی) کے اولین پروگرام میں گزشتہ روز تیس سے زائد شرکاء نے بنیادی سرمایہ کاری کے حُصول کی مسابقت میں شرکت کی جن میں سے ججوں پر مشتمل ایک پینل نے کاروباری منصوبہ کے جائزے کے بعد تین بہترین تجارتی منصوبوں کو منتخب کیا۔ جیتنے والے پہلے تین منصوبے اپنے کاروبار کے آغاز یا بڑھاوے کے لیے بالترتیب پانچ ہزار، چار ہزار اور تین ہزار ڈالرز حاصل کرینگے۔
اس مقابلے میں مریم اقبال نے اپنے تجارتی منصوبہ "گلوبل نومیڈ” کے لیے اوّل انعام حاصل کیا جو خیبر پختونخوا کے ہُنرمندوں کے فن کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔دوسرے نمبر پرعبیرہ یونس کا ڈے کیئر مرکز اور بچوں کو ابتدائی تعلیم پر مرکوز تجارتی منصوبہ "بیبی اسٹیپس” قرار دیا گیا۔ تیسرا نمبر مدیحہ ملک کے منصوبہ "دھاگہ کلاتھنگ” نے حاصل کیا جوکھانے میں بےترتیبی کے مسائل کی تشخیص کے ساتھ ساتھ لچکدار لباس کے ڈیزائن سے متعلق ہے۔
اکیڈمی فار ویمن انٹرپرینیوئرز کی جانب سے اکتوبر کے اوائل میں منعقد ہونے والی تربیتی نشست میں اکسٹھ خواتین نے پاکستان کے منجھے ہوئے کاروباری افراد سے تربیت اور رہنمائی حاصل کی۔ اے ڈبلیو ای کی تربیت مکمل کرنے کے بعد خواتین تاجروں نے اپنی حاصل کردہ صلاحیتوں کی بنیاد پر کاروباری منصوبوں کی آغاز کے لیے سرمایہ کاری کے حصول کے لیے منعقد ہونے والے مسابقت میں شرکت کی۔یاد رہے کہ امریکی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے دو اکتوبر کو اکیڈمی کی گریجوئیٹ شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ اِن خواتین کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اور امریکہ کو پاکستان کی متحرک انٹرپرینیوئرز، تاجر رہنماؤں اور معاشی طور پر ذی اثر افراد کی معاونت پر فخر ہے۔
اے ڈبلیو ای پروگرام ایری زونا اسٹیٹ یونیورسٹی کےتھنڈر برڈ اسکول آف گلوبل مینجمنٹ اور امریکی قدرتی وسائل کی کمپنی فری پورٹ میک مارن کا تیار کردہ تین ماہ پر محیط آن لائن ڈریم بلڈر کورس ہے ۔ اکیڈمی کا نصب العین ذاتی کاروبار سے آگاہی، خواتین تاجروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے متعارف کروانا، کاروبارمیں وسعت،اور تجارتی منصوبوں کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ کرنا ہے۔
امریکی سفارتی مشن سے منسلک لنکن کارنرز کی لاہور، راولپنڈی، لاڑکانہ اور پشاور میں قائم شاخوں نے پاکستان امریکن کلچرل سینٹر اور ڈوو فاؤنڈیشن کے تعاون سے مذکورہ تربیتی پروگرام کی قیادت کی خدمات سرانجام دیں۔ اے ڈبلیو ای کے گریجوئیٹ اب پاکستان امریکہ المنائی نیٹ ورک (پی یو اے این) اور امریکی تبادلہ پروگراموں کی بین الاقوامی برادری کے بھی رکن بن گئے ہیں۔ اے ڈبلیو اِی اور لنکن کارنرز کے بارے میں مزید معلومات کے لیے مندرجہ لنک پر مواد ملاحظہ کریں:
https://pk.usembassy.gov/education-culture/lincoln-corners-2/
####