زرعی روزگار میں اضافہ کے لیےامریکہ کا خیبر پختونخوا، اور ایف اے او سے اشتراک

 اسلام آباد ( ۲۵ جنوری ۲۰۲۳ء)- امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی انسداد  منشیات اور نفاذ قانون ( آئی این ایل)  نے  خیبر پختونخوا کے کسانوں کو متبادل فصلوں کی کاشت میں معاونت کے منصوبہ کی تکمیل کے موقع پر گزشتہ روز یہاں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس  میں امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شُوفر ، آئی این ایل کے ڈائریکٹر لوری اینتولینز،  فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائیزیشن  ( ایف اے او) کی نائب نمائندہ فلورنس رول اور خیبرپختونخوا کے خصوصی سیکریٹری جنّت گُل نے شرکت کی۔

امریکی حکومت کی   معاونت سے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے اس چار لاکھ ۷۷  ہزار ۸۷۶ ڈالر مالیت  کے منصوبہ کے  تحت  مہمند، باجوڑ اور تورغر کے اضلاع میں ایگریکلچر ایکسٹینشن ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے  ۱۶  ماہر تربیت کاروں کی استعداد میں اضافہ کیا گیا   اور جدید  تربیتی  مواد ترتیب دیتے ہوئے  ۸۰ خواتین سمیت ساڑھے تین سو کاشتکاروں کو متبادل  زرعی ٹیکنالوجیز بروئے کار لانے کے سلسلہ میں  تربیت بھی فراہم کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  نائب مشن سربراہ اینڈریو  شُوفر نے امریکی حکومت کی جانب سے  ایف اے او اور کے پی حکومت کے ساتھ کیے جانے والے تعاون  کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ  منصوبہ  پر عملدرآمد سے زرعی پیداوار      کے ساتھ ساتھ آمدنی میں اضافہ  کے حوالہ سے بھی زبردست نتائج حاصل ہوئے ہیں ۔ منصوبہ کے تحت زرعی شعبہ سے وابستہ ادارو ں کومضبوط کرتے ہوئے کاشتکاروں کو اُن کی فصلوں کی پیداوار اور اُن کو منڈی  تک پہنچانے کے حوالے سے مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ زرعی تربیت کے مراکز  ایسی مہارتوں اور تربیتی طریقہ کار  پر عمل پیرا ہوں گے جو  پائیدار معاشی ترقی  اور   مقامی آبادیوں کا غیر قانونی  فصلوں کی کاشت پر انحصار کم کرنے میں میسر ہوں گے۔

اس موقع  پر  محترمہ فلورنس رول  کا  کہنا تھا کہ  اُن کے ادارے کی  امریکہ اور  کے پی حکومت  کے محکمہ زراعت کے ساتھ شراکت  علاقہ میں     روزگار کے متبادل ذرائع کی  ترقی  کے  سلسلہ میں    بہترین  ضوابط  کی ترتیب میں کلیدی اہمیت کی حامل  ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران امریکی حکومت نے آئی این ایل کے ذریعہ  شہریوں کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے کی استعداد میں اضافہ کے لیے   پاکستان بھر میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ   مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آئی این ایل   نوّے سے زیادہ ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کی روک تھام، منشیات کی تجارت کے خاتمے، پولیس  کےاداروں میں اصلاحات اور شفاف اور قابل احتساب عدالتی  نظام کے فروغ پر کام کرتا ہے۔   آئی این ایل کے کام کے بارے میں مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:

http://www.state.gov/j/inl