اسلام آباد (۲۳ جنوری ، ۲۰۱۷ء)__ پاکستان-امریکہ ایلومنائی نیٹ ورک(پی یو اے این) کے نومنتخب رہنماؤں نے اپنی تنظیم کالائحہ عمل ترتیب دینے اورپاکستان میں اس کا نیا صدر منتخب کرنے کیلئے اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس میں شرکت کی۔ امریکی حکام نے پاکستان بھر سے آنے والے ۵۴ رہنماؤں کو ان کے رضاکارانہ جذبے اور دسمبر ۲۰۱۶ء میں جوش وخروش سے منعقد ہونے والے انتخابات میں قیادت کی سطح کے عہدوں پر کامیابی پر مبارکباد دی۔
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے نئی قیادت کو مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج یہاں موجود ہر شخص ملک بھر میں پاک-امریکہ مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کے حوالے سے زبردست کام کررہا ہے۔ میں آپ سب کی جانب سے پی یو اے این کیلئے اپنا وقت، محنت اور سوچ کو بروئے کار لانے کی تحسین کرتا ہوں۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ہماری مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔
اپنے بائیس ہزار باصلاحیت سابق طالب علموں کے ساتھ پی یو اے این دنیا بھر میں سب سے بڑا امریکی تبادلہ نیٹ ورک ہے۔بارہ علاقائی شاخوں میں سے ہر ایک کیلئے اپنے ساتھیوں کی جانب سے منتخب کی جانیوالی پانچ رکنی رہنما ٹیم اپنے عہدے کی دو سالہ میعاد کے دوران مقامی آبادی کیلئے خدمات سرانجام دینے کی ذمہ داری سنبھالتی ہے اور اس سلسلے میں وہ اکثر اپنےگزشتہ امریکی تبادلہ پروگرام میں حاصل ہونے والے علم کو بروئے کارلاتی ہے۔ دسمبر ۲۰۱۶ء میں منعقد ہونے والے انتخابات میں سابق طالب علموں کی ریکارڈ تعداد نے حصہ لیا اور ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں دگنے سے بھی زیادہ تھا۔منتخب ہونے والے رہنماؤں میں بیالیس فیصد خواتین ہیں۔
امریکی حکومت پاکستانی شہریوں کیلئے تبادلہ پروگراموں پر سالانہ ۴۰ ملین ڈالر سے زیادہ رقم خرچ کرتی ہے۔ ہر سال ۱۲۰۰ سے زیادہ پاکستانی امریکی اعانت سے جاری ہائی اسکول، انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور پیشہ ورانہ سطح کے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔ پی یو اے این کے بارے میں مزید جاننے کیلئےدرج ذیل فیس بک پیج ملاحظہ کریں:
http://www.facebook.com/pakalumni.
پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات درج ذیل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں:
تصاویر اس پتے پر دستیاب ہیں:
https://www.flickr.com/photos/usembpak/albums/72157673964409343.
###