اسلا م آباد (۳۱ ِاگست ، ۲۰۱۶ء) __ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اسلام آباد میں ایک تربیتی نشست کے دوران سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندوں کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں خواتین کے زیر انتظام کاروبار کی اعانت کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔
امریکی سفیر نے امریکی سفارتخانہ کے مالی تعاون سے شعور فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چلنے والے ایک سالہ’’ویمن کین ڈو پراجیکٹ ‘‘کی اختتامی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس منصوبے کے تحت تین ہزار سے زائد خواتین نے پورے پاکستان میں سرکاری جامعات اور مدارس میں کاروبار سے متعلق تربیت حاصل کی۔ شعور فاؤنڈیشن کے عملے نے پاکستان میں کاروبار کے شعبے میں خواتین کو درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی اور اُن کے خاتمے کے لئے سرکاری حکام، درس وتدریس سے وابستہ افراد، کاروبارشخصیات اور دیگر افرادکے ساتھ پالیسی مباحثوں کا بھی اہتمام کیا ۔
’’ویمن کین ڈو پراجیکٹ ‘‘کی منیجر دُرِشہوار محمود نے کہا کہ اس منصوبے کی بدولت ہمیں یہ پتہ چلا کہ پورے ملک میں کس قدر بڑی تعداد میں خواتین کاروبار شروع کرنے کا خواب دیکھتی ہیں، لیکن انہیں یہ نہیں معلوم کہ وہ کاروبار کا آغاز کیسے کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم نے جامعات اور مدارس میں زیر تعلیم خواتین کو تربیت اور ترغیب دی، وہیں ہم نے حکام اور دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کیا کہ کاروبار شروع کرنے کی خواہاں پاکستانی خواتین کو مستقبل میں زیادہ وسائل میسر ہوں اور کم رکاٹوں کا سامنا کرنا پڑے۔
پاکستان میں کاروبار کے شعبے میں وابستہ خواتین کی اعانت سے پورے ملک میں خاندانوں، دیہات اور شہروں پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کاروبار کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے والے خواتین دوسری خواتین اور مردوں کے لئے روزگار کے مواقع مہیا کرتی ہیں اور مشکلات کے نت نئے حل پیش کرتی ہیں۔ خواتین ضروری خدمات فراہم کرتی ہیں اور اپنے خاندانوں کو بھی پالتی ہیں۔
’’ویمن کین ڈو پراجیکٹ ‘‘امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے کئے جانے والے کئی اقدامات میں سے ایک ہے۔ امریکی سفارتخانہ پاکستانی کاروباری افراد کو تبادلہ پروگراموں پر امریکہ بھیجتا ہے۔ امریکی سفارتخانہ نے کاروبار ی شعبے سے وابستہ خواتین کے لئے اسلام آباد میں’’وی کریئیٹ سینٹر ‘‘کے قیام میں تعاون کیا اور جون کے مہینے میں گلوبل انٹرپرینیورشپ کانفرنس میں پاکستانی مندوبین کی شرکت کے لئے معاونت کی