اسلام آباد (۲۲ ِفروری ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے افریقی نژاد امریکی کمیونٹی کی جدوجہد اور کارناموں کو اجاگر کرنے کے لیے منائے جانے والے سیاہ فام امریکیوں کے مہینے کی تقریبات کے سلسلے میں ایک محفل ِموسیقی کا انعقاد کیا جس میں ایمیکائیلاگسٹن اور مائیک ڈیل فیرو پر مشتمل امریکی جاز موسیقی کےطائفہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں لگ بھگ ساٹھ پاکستانی اور امریکی مہمانوں نے شرکت کی۔
امریکی طائفے کے دورہ پاکستان کا مقصد امریکی تنوع اور گوناں گوں ورثہ کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ طائفہ امریکن وائسز، فن ،ثقافت اور تعلیم کی فاؤنڈیشن (فیس) اور پاکستان امریکہ ایلومنائی نیٹ ورک (پوان) کے زیر اہتمام متعدد محفلیں اور تربیتی نشستیں منعقد کر رہا ہے۔
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اس موقع پر کہا کہ سیاہ فام امریکیو ں کی تاریخ ، امریکی تاریخ ہے۔ بطور امریکی شہری اور عوام سیاہ فاموں کی تاریخ ہماری مجموعی تاریخ کاحصہ ہے۔ عظیم سیاہ فاموں نے امریکی آرٹ پر اپنے گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسیقی میں بہت طاقت ہے ۔یہ دنیا سے متعلق ہماری سوچ کو چیلنج کرتی ہے اور ہمیں نت نئی آوازوں اور خیالات سے روشناس کراتی ہے۔
ایمیکائیلاگسٹن نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفیر کی رہائشگاہ پر کنسرٹ اُن کےلیے ایک ناقابل یقین تجربہ ہے۔ وہ یہاں آنے پر لوگوں سے ملنے اور موسیقی کی محبت اور خوبصورتی شیئر کرنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔
امریکی سفارتخانہ مختلف اقدامات کے ذریعہ فنون لطیفہ کے پروگراموں میں معاونت فراہم کرتا ہے ۔ ہر سال درجنوں پاکستانی موسیقار ساؤتھ بائی ساؤتھ میوزک فیسٹول میں پاکستانی شو کیس، دوستی میوزک پراجیکٹ، ڈینئل پرل ورلڈ میوزک ڈے اور میوزک میلہ جیسے پروگراموں میں امریکی حکومت کی معاونت سے شرکت کرتے ہیں۔ امریکی سفارتخانے کی سر گرمیوں سے متعلق مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں۔